[رپورٹ: PTUDC ملتان]
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ملتان نے 30 دسمبر کو نشتر ہسپتال مین گیٹ کے سامنے ایک احتجاجی مظا ہرہ کیا جس میں ڈاکٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ YDA نے ایک طویل عرصے بعد ایک احتجاج کی کال دی تھی اور یہی وجہ تھی کہ ڈاکٹر زمیں نیا جوش اور ولولہ نظر آ رہا تھا۔ اس احتجاج میں ڈاکٹرز نے اپنے مطالبات سے ہٹ کرمریضوں کے مسائل کی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتان سمیت پنجاب میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے ہسپتالوں کی تعداد بہت کم ہے اور جو ہیں ان کے حالات بہت خستہ ہیں ۔ ڈاکٹرز نے اپنے احتجاج میں مریضوں کے لواحقین سے بھی شرکت کی۔ YDA ملتان سے مظہر چوہدری نے کہاکہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے ہسپتالوں میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ھ رہا ہے اور ہسپتالوں میں جدید مشینری نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو مہنگے اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج کر انا پڑتا ہے۔ ڈاکٹر ابرار نے کہا کہ مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں اور ان کے لیے مزید ہسپتال بنائے جائیں۔ PTUDC کی طرف سے کامریڈ ندیم پاشا نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹربھی محنت کش ہیں اس لیے انہیں طبقاتی بنیادوں پر محنت کشوں کو اپنے ساتھ ملا کر اس تحریک کو آگے بڑھانا ہوگا اور سوشلسٹ بنیادوں پر اس سماج کو انقلاب کے ذریعے تبدیل کرنا ہوگا۔