[رپورٹ: عمر شاہد]
سروس سڑکچر اور فرسودہ صحت کے نظام کے خلاف ڈاکٹرز کی جدوجہد کے سلسلے میں DHQگوجرانوالہ میں ینگ ڈاکٹرز کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سخت گرمی کے باوجود بڑی تعداد میں ڈاکٹرز، مریضوں اور مزدور تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس مظاہرہ میں ڈاکٹرز کی جانب سے خاصا جوشو ولولہ نظر آیا اور سب نے اپنی قیادت کے فیصلوں کی حمایت کی۔ اس موقع پر پنجاب حکومت کی بے حسی اور ہٹ دھرمی کو ظاہر کرنے کے لئے گدھے کے اوپر ’گونگی بہری بیوروکریسی ‘ کا نعرہ درج تھا جس کے ساتھ ڈاکٹرز نے فرعون اعلیٰ مردہ باد کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے YDA گوجرانوالہ کے صدر ڈاکٹر کاشف بلال نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے ہماری تحریک کو ختم کر نے کی کوشش کی مگر ہم اپنے مطالبا ت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ موجودہ صحت کے نظام پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں کو خیراتی ہسپتالوں میں تبدیل کر رہی ہے جس کی وجہ صحت کے بجٹ میں مسلسل کمی ہے مگر دوسری طرف میگا پراجیکٹس کے نام پر اتفاق فاؤنڈری کے سریا کی ناجائز فروخت میں بے تحاشا اضافہ کر کے اپنی تجوریاں بھری جارہی ہیں۔ حکومت اتنی بے حس ہوچکی ہے کہ ہزاروں مریض جعلی ادویات اور سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے دم توڑ رہے ہیں جبکہ یہ مجرمانہ خاموشی سے تماشا دیکھ رہے ہیں ستم ظریفی کی بات یہ ہے کہ ہم اپنے حقوق کے لئے لڑ رہے ہیں اور ہمیں ہی عوام کے سامنے قاتل بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر کاشف نے مزید کہا کہ ہم اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے اور پنجاب حکومت کے ہر قدم کے خلاف متحد ہو کر لڑیں گے۔