رپورٹ: PTUDC لاہور:-
13جون کو ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (YDA) پنجاب نے سروسز ہسپتال لاہور میں ایک کنونشن کا انعقاد کیا جس میں پورے پنجاب سےYDA کے نمائندوں اور YDA کی مرکزی قیادت نے شرکت کی۔اس سے قبل 7 جون کو لاہور ہی میں YDA کی قیادت نے ایک پریس کانفرنس کی تھی جس میں اس کنونشن کے انعقاد کا اعلان کیا گیا تھا۔اس کے ساتھ ہی تمام ینگ ڈاکٹرز نے اپنے مطالبات کے حصول کے لئے احتجاجی طور پرکالی پٹیاں پہننا شروع کر دی تھیں۔ ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات میں ہے کہ صحت کے شعبے کی نجکاری کا خاتمہ کیا جائے اور تمام اداروں کو حکومتی کنٹرول میں لیتے ہوئے بیوروکریسی کا خاتمہ کر کہ صحت کے شعبے کو ڈاکٹرز کے منتخب نمائندوں کے کنٹرول میں دیا جائے اور کسی بھی دوسرے شعبے کی طرح صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کو سروس اسٹرکچر دیا جائے۔ اس کنونشن کی وساطت سے YDA کی قیادت نے حکومتِ پنجاب کو 72 گھنٹوں کا وقت دیا ہے کہ ہمارے مطالبات پورے کئے جائیں، بصورتِ دیگر 18جون بروز پیر سے ینگ ڈاکٹرز ہڑتال کا آغاز کریں گے اور تمام OPD’s کو بند کر دیں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ینگ ڈاکٹرز نے تین مرتبہ اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کی ہے اور پنجاب حکومت نے ہر بار ان کے مطالبات کی منظوری کا اعلان بھی کیا، جس کے بعد ہڑتال کا اختتام کیا جاتا رہا مگر پنجاب حکومت نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا اور ابھی تک ینگ ڈاکٹرز اپنے جائز حق سے محروم ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز نے کہا کہ حکومتِ وقت ڈاکٹرز سے جس طرح کا رویہ رکھے ہوئے ہے، اس کی وجہ سے ڈاکٹرز کی ایک بڑی تعداد پاکستان چھوڑنے پر مجبور ہو رہی ہے اور بیرونِ ملک روزگار کی تلاش میں جا رہی ہے۔ صرف حالیہ سال میں دو ہزار سے زائد ڈاکٹرز پاکستان سے باہر ملازمتوں کی تلاش میں چلے گئے ہیں۔ اس طرح ریاست اپنے عوام کو ان کی بنیادی سہولیات دینے سے بھی قاصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کا یہ حال اس لئے کیا جارہا ہے تاکہ اس شعبے کو بھی دیگر شعبوں کی طرح ناکارہ قرار دیتے ہوئے پرائیویٹائز کیا جائے اور حکمران اپنے کمیشن بٹورتے رہیں، مگر ینگ ڈاکٹرز حکمرانوں کے اس خواب کی تعبیر نہیں ہونے دیں گے اور اس وقت تک لڑتے رہیں گے جب تک ان کے حقوق ان کو مل نہیں جاتے۔ PTUDC کے کامریڈز نے بھی اس کنونشن میں بھرپور شرکت کی اور YDA کی اس لڑائی میں ان کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا۔
خبریں, مزدور تحریک, یوتھ
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کا سروسز ہسپتال لاہور میں کنونشن، ہڑتال کا اعلان
متعلقہ: