[رپورٹ: کامریڈ نواز]
23مئی کو تنظیم غیر جریدہ کی کال پرآزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں آئندہ پیش ہونے والے بجٹ میں تنخواہوں اور دیگر مراعات میں کٹوتیوں اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور جلسے منعقد کئے گئے۔ اسی طرح آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں تنظیم غیر جریدہ کی کال پر ایک بڑا احتجاجی جلسہ سنٹرل پریس کلب مظفرآباد میں 11:00 بجے شروع ہوا۔ اس احتجاجی جلسہ میں مظفرآباد کے تمام محکموں سے ملازمین کی کثیر تعداد اپنے اپنے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا کر ریلیوں کی شکل میں IMF مردہ باد، ورلڈ بینک مردہ باد، امریکی سامراج مردہ باد، سرمایہ داری مردہ باد، ملازمین کا معاشی قتل بند کرو، ملازمین اتحاد زندہ باد جیسے نعرے لگاتے ہوئے جلسہ گاہ پریس کلب پہنچی۔ جلسہ میں PTUDC کے کارکنان نے بھی شرکت کی۔ احتجاجی جلسہ سے مرکزی صدر تنظیم غیر جریدہ بشیر احمد ڈار، راجہ طاہر ندیم، پرویز قریشی، راجہ اویس ناصر، زاہد عباسی، وحید مغل، عبدالصبور عباسی، راجہ شاہد قیوم، منیر سلہریا، سالک عباسی، منشا خان آصف میر شکیل کیانی، عاصمہ نذیر، نوید اسحاق، اسلم مغل، وقار کاظمی، مقصود اعوان، اور دیگر نے خطاب کیا۔ PTUDC مظفرآبادکے آرگنائزر اور ایکشن کمیٹی محکمہ بحالیات کے جنرل سیکرٹری نوید اسحاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں ہمیں واضح طور پردنیا میں دو طبقات نظر آرہے ہیں۔ ایک طبقہ جو حکمرانوں، بیوروکریٹوں اور امیروں پر مشتمل ہے۔ جو اپنی ہر عیاشی کو پورا کر رہا ہے۔ اور دوسری طرف ہمارا طبقہ ہے جو تمام بنیادی ضرورتوں سے محروم ہے اور دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہا ہے۔ امیروں کے منافعوں میں تو ہر وقت اضافہ ہورہاہے لیکن غریبوں کے چولہے لگاتار ٹھنڈے ہو رہے ہیں۔ امیروں کے پاس جو دولت ہے وہ ان کی اپنی دولت نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے خون پسینہ کی کمائی ہے جو انھوں نے چوسی ہوئی ہے۔ ہم تمام ملازمین ایک دوسرے کے ساتھ جڑت بناتے ہوئے ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے ہوکر امیروں کی اس دولت کو ان سے چھین سکتے ہیں۔ ہمارے تمام مسائل کی وجہ سرمایہ دارنہ نظام ہے اور اس کا حل سوشلسٹ انقلاب ہے۔ جلسہ سے مرکزی صدر تنظیم غیر جریدہ بشیر احمد ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا غیر جریدہ ملازمین کا 14نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ حق پر مبنی ہے۔ حکومت آزادکشمیر مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور مراعات میں 100فیصد اضافہ، ملازمین ٹائم سکیل HBA کی بحالی، تمام عارضی اور ورک چارج ملازمین کی مستقلی، ہر محکمہ کا ٹرانسپورٹ پول محکمہ مالیات کی ملازم کش پالیسیوں اور جائز کاموں میں رکاوٹ کا نوٹس، ملازمین کی اپ گریڈیشن، پنجاب کے ملازمین کے برابر مراعات، عارضی اور ورکچارج ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی سمیت دیگر ملازمین کو در پیش مسائل، آمدہ بجٹ سے پہلے حل کرنے کے لئے اقدامات یقینی بنائے۔ افسر شاہی کے خون پسینے کی کمائی پر عیاشیاں بند کرے۔ شاہ خرچیاں ختم کی جائیں۔ ملازمین کے مسائل کے حل میں سیکرٹری مالیات نے اگر رکاوٹ بننے کی کوشش کی تو اسے کوہالہ پار کرا دیں گے۔ ملازمین کے مسائل کے لئے اگر ہمیں اسلام آباد کی طرف بھی لانگ مارچ کرنا پڑا تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اگر ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے تو تمام ملازمین کو تالا بند ہڑتال کے لئے تیار ہونا پڑے گا۔ جلسے میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض خواجہ وحید نے سرانجام دئے۔ PTUDC کے کارکنان نے جلسے میں لیف لیٹ تقسیم کیے اور طبقاتی جدوجہد کا پرچہ بھی سیل کیا۔