| رپورٹ: لتا |
خواتین کے عالمی دن کی مناسب سے طبقاتی جدوجہد اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی جانب سے 5 مارچ 2017 ء کو حیدرآباد پریس کلب میں ’’خواتین پر جبر اور آزادی کی جدوجہد‘‘ کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا جس میں حیدرآباد شہر سمیت میرپور خاص، تلہار اور کوٹری، جامشورو سے خواتین اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض کامریڈ راہول نے ادا کئے جبکہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے دلت سجاگ تحریک کی چیئرپرسن رادھا بھیل، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور بیروزگارنوجوان تحریک کی لاجونتی، نیلم، مدھو، لتا، موکھی، خیرالنسا، سنم اور کامریڈ نتھو مل نے کہا کہ آج خواتین عالمی طور پر دوہرے استحصال کا شکار ہیں، ایک طرف انہیں گھریلوں اذیتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو دوسری طر ف اگر کچھ خواتین پڑھ لکھ کر آگے بڑھ بھی جائیں تو انہیں معاشرہ قبول نہیں کرتا۔ آج کارو کاری اور غیرت کے نام قتل عام ہوتے جارہے ہیں اور کوئی ان پر بات کرنے کی لئے بھی تیار نہیں۔ عورتوں کو صرف بچوں کو پیدا کرنے اور گھریلو کام کاج کا ہی ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ اس تمام صورتحال میں اگر خواتین کی تاریخی جدوجہد کو دیکھیں تو ہمیں پتا چلتا ہے کہ سماج میں رونما ہونے والی ہر انقلابی تحریک میں نہ صرف عورتوں نے بھرپور کردار ادا کیا ہے بلکہ بعض تحریکوں کا آغاز ہی محنت کش خواتین کی جانب سے کیا گیا۔ تاریخی فریضہ ہے کہ ہم انقلابی تحریک میں اپنے کردار کو آگے بڑھائیں اور سماج کو سوشلسٹ بنیادوں پر تبدیل کرنے کے لئے جدوجہد کو تیز کریں۔