رپورٹ: PTUDC صادق آباد
8 مارچ کو خواتین کے عا لمی دن کے موقع پرپاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیر اہتمام خواتین کا عالمی دن منا یا گیا ۔ پریس کلب صادق آباد میں ہونے والی اس تقریب میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شیزہ رانا نے اپنے گیتوں سے تقریب میں موجود حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔ سٹیج سیکریٹری کے فرائض معروف سماجی کارکن میڈم نورین نے ادا کئے۔
خواتین کے اس عالمی دن کے موقع پر پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی جنرل سیکرٹری قمر الزماں خاں، سماجی کارکن اکمل شاہد، میڈم شاہدہ یوسف، میڈم رابعہ خالد، سوشل ویلفیئر آفیسر میڈم فوزیہ، سماجی کارکن عباس تاج سمیت دیگر مقررین نے تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام خواتین کو ان کے حقوق فراہم کرنے میں نا کام ہو چکا ہے۔ خواتین نے ہمیشہ مردوں کے شانہ بشانہ ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ لیکن موجودہ نظام میں خواتین کی آزادی کو سلب کر لیا گیا ہے۔ خواتین اپنی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر سماج میں تعمیری کردار ادا کر سکتی ہیں۔ لیکن پاکستان جیسے تیسری دنیا کے غریب ممالک میں خواتین کی حالت زار کہیں زیادہ تلخ ہے اور وہ دوہرے استحصال کا شکار ہیں۔ مقررین نے کہا کہ محنت کش عورتوں کو اپنے حقوق کی لڑائی محنت کش مردوں کے شانہ بشانہ لڑنی ہو گی۔