[رپورٹ: PTUDC اسلام آباد]
مورخہ 28 جنوری بروز بدھ واپڈا ہائیڈرویونین کے زیرِاہتمام واپڈا کی ممکنہ نجکاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ مظاہرے میں پاکستان بھر سے واپڈا کے ہزاروں محنت کشوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر نجکاری کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرے میں CDA ،PWD، ریلوے اور دیگر اداروں سے ٹریڈ یونین عہدیداروں نے شرکت کی۔ PTUDC کے کارکنان نے مظاہرین میں لیف لیٹ تقسیم کئے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے نجکاری کے خلاف مشترکہ جدوجہد کو منظم کرنے پر بھرپور زور دیا۔ واپڈا کے محنت کش بڑی سیاسی و سماجی قوت رکھتے ہیں اور پچھلے لمبے عرصے سے اپنے حقوق کی لڑائی میں سرگرمِ عمل ہیں۔ حالیہ مظاہرے میں واپڈا کی محنت کش اپنی اعلیٰ قیادت سے بار باریہ مطالبہ کر رہے تھے کہ اب ہمیں ان مظاہروں سے آگے بڑھتے ہوئے مکمل ہڑتال اور تالہ بندی کی طرف جانا چاہیے اور یہی وقت کا تقاضا ہے۔ محنت کشوں کے تمام تر پریشر کے باوجود اعلیٰ قیادت نے پھر 10 فروری تک ’’وارننگ‘‘ دیتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس تک ریلی نکالی اور احتجاج ختم کر دیا۔