[رپورٹ: ثاقب زین]
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے زیرِ اہتمام 6نومبرکو واپڈا آفس کوہسار کالونی ٹیکسلا میں مزدور رابطہ کمیٹی کی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس کی میزبانی واپڈا ہا ئیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین اٹک سرکل کے زونل سیکٹری جناب رحیم شاہ صا حب نے کی۔ میٹنگ میں منیر بٹ (جنرل سیکریٹری آل پاکستان ٹیکسٹائل ورکرز فیڈریشن)، نور احمد (ڈویژنل چیئرمین واپڈا ہا ئیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین)، عطااللہ شاہ (سابقہ ڈپٹی جنرل سیکریٹری۔ ایچ۔ ایم۔ سی (HMC) ایمپلائز یونین)، محمداشفاق (سینئر وائس چیئرمین ٹیکسلا سب ڈویژن واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین)، محمد ریا ست، یٰسین اختر(سینئر وائس چیئرمین حسن ابدال سرکل۔ واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین) اور PTUDC سے ثاقب زین اور کامریڈ سلیم نے شرکت کی۔
میٹنگ کا آغاز کامریڈ ثاقب زین کی پاکستان کی موجودہ معاشی اور سیاسی صو رتحال کے جائزے سے ہواجس میں انہوں نے موجودہ حکومت کی تمام مزدور دشمن پالیسیوں اور سرمایہ دارانہ نظام کے بحران کے اثرات پر تفصیلی بات رکھی۔ اس کے بعد میٹنگ کا ایجنڈا تمام شرکاء کے سامنے رکھا گیا۔ میٹینگ میں رابطہ کمیٹی کو فعال بنانے، پرائیوٹائزیشن(نج کاری)اورغیر مستقل لیبر کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیاتھا۔
میٹنگ کے تمام شرکاء نے ایجنڈے پراپنی اپنی رائے کا اظہار کیا اور مزدور رابطہ کمیٹی کو مزید فعال اور مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکاء نے کہا کہ جن اداروں میں کوئی یونین یا ایسوسی ایشن موجود ہے ان کواس مزدور رابطہ کمیٹی کا حصہ بنایا جائے اور جہاں ایسا کوئی ادارہ موجود نہیں وہاں بھی مزدوروں کو ان کے مسائل اور حقوق کی آگہی پہنچاتے ہوئے حقیقی ٹریڈ یونین سیاست کو فروغ دینے کی کوشش کی جانی چاہیے۔ منیر بٹ نے پاکستان میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کی زبوں حالی پرروشنی ڈالی۔ عطااللہ شاہ نے ایچ ایم سی میں Casual لیبر کے مسائل اور نجکاری پر بات رکھی۔ تمام شرکاء نے ایجنڈے کے نقاط کو درست قرار دیتے ہوئے ہر طرح کے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس کے بعد رحیم شاہ نے ٹریڈ یونین سیاست کے مسائل پر بات کی اور کہا کہ ہمیں تنگ نظری اور انا پرستی کی سیاست کا خاتمہ کرتے ہوئے حقیقی مزدور سیاست کو اپناتے ہوئے عاجزی و انکساری اور امید کو اجاگر کرنا چاہیے اور مزدور رابطہ کمیٹی کے پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے مستقل مزاجی سے مزدوروں کو حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے اس جدوجہدکو آگے بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے PTUDC کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے ہر قسم کے تعاون اور قربانی کے عزم کا اعادہ کیا۔
میٹنگ کے اختتام میں ٹیکسلا؍واہ کے آرگنائزر کامریڈ سلیم نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایجنڈے کے مطابق آنے والی تجاویز کو حتمی شکل میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مزدور رابطہ کمیٹی کی باقاعدہ تنظیم سازی کی طرف جانا چاہیے اور تمام اداروں کی قیادت اور مزدوروں کو اپنے ساتھ جوڑتے ہوئے نجکاری اور غیر مستقل نوکریوں کے خلاف ایک تحریک کا آغاز کریں گے۔ آخر میں مزدور رابطہ کمیٹی کی اگلی میٹنگ کی جگہ اور وقت طے کرتے ہوئے ان تمام تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کے لئے نیک خواہشات کے ساتھ اس میٹنگ کا باقاعدہ اختتام کیا گیا۔