| رپورٹ: PYA واہ |
بالشویک انقلاب کی 98ویں سالگرہ کے موقع پر واہ کینٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل ٹیکسلا کے آفس میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور پروگریسو یوتھ الائنس (PYA) کی طرف سے ہفتہ 7 نومبرکو سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں نوجوانوں اور محنت کشوں نے شرکت کی۔سیمینار کو چیئر کامریڈ شاہجہان نے کیا اورکامریڈ ظفر نے روس میں ہونے والے سوشلسٹ انقلاب میں بالشویک پارٹی کی جدوجہد، سوشلسٹ انقلاب کے روسی سماج اور تمام دنیا پر اثرات، سٹالن ازم اور آج کے عہد میں سوشلسٹ انقلاب کی اہمیت ہر تٖفصیل سے بات رکھی۔ انہوں نے کہا منصوبہ بند معیشت کے تحت سوویت یونین میں تیز ترین ترقی ہوئی، روس میں بالشویک انقلاب کے تمام دنیا پر اثرات مرتب ہوئے اور 1922ء میں بننے والی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی بنیاد پڑی جسے وسیع عوامی بنیادیں حاصل ہوئیں،بالشویک انقلاب آج بھی تمام دنیا کے محنت کشوں اور نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے، سرمایہ دارای دنیا کو مزید ترقی دینے کی صلاحیت کھوچکی ہے، ایسے میں یہ انقلابی قیادت کا ہی فریضہ ہے کہ عوام کی رہنمائی کرے اور سرمایہ داری کے سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے خاتمے کو یقینی بنائے۔کامریڈ ثاقب نے کہا کہ اصلاح پسندی آج کے اس سرمایہ دارانہ زوال کے عہد میں تمام مادی بنیادیں کھو چکی ہے، 2008ء کے بحران کے بعد جو کچھ طویل جدوجہد کے بعد محنت کشوں نے حاصل کیا تھا وہ ان سے واپس لیا جا رہا ہے، سرمایہ دارانہ سماج کی سوشلسٹ سماج میں تبدیلی آج کا تاریخی فریضہ ہے۔اس بعد واپڈا ہائیڈرویونین اٹک سرکل کے جنرل سیکرٹری جناب رحیم شاہ نے بحث کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ سرمایہ داری سماج کو تباہی اور بربادی کی طرف لے کر جا رہی ہے، سرمایہ داروں نے محنت کشوں کو قوم، مذہب، رنگ اور نسل کی بنیاد پر تقسیم کیا ہوا ہے، آج اس کے اثرات ٹریڈ یونینز پر بھی موجود ہیں، لیکن اگر ہم نے کامیابی حاصل کر نی ہے تو ہمیں ان تقسیموں کو ختم کرنیکی ضرورت ہے کیونکہ حکمران طبقے کی حاکمیت صرف اس وقت تک موجود ہے جب تک وہ محنت کشوں کو تقسیم رکھنے میں کامیاب ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل ٹیکسلا کے صدر ملک نجیب الرحمان ارشد نے کہا کہ آج دنیا کے سامنے دو ہی ممکنات ہیں: سوشلزم یا بربریت، پاکستان پیپلز پارٹی کا بنیادی منشور سوشلسٹ ہے لیکن پارٹی قیادت اس سے انحراف کر چکی ہے،پارٹی کی بقا سوشلسٹ نظریات میں ہی پنہاں ہے۔آخر میں کامریڈ ظفر نے سوالات کی روشنی میں تمام بحث کو سمیٹا۔بالشویک انقلاب کے سلسلے میں ہونے والے اس سیمینار میں پی او ایف کلیریکل ایسوسی ایشن کے صدر جناب شاہد انور اور پیپلز لیبر بیورو ضلع اٹک کے صد ر جناب سراج گل خٹک نے بھی شرکت کی ۔کامریڈ ظفر کے سم اپ کے بعد چیئر کامریڈ شاہجہان نے تقریب کے باقاعدہ اختتام کا اعلان کیا۔