ماسٹر ٹائل کے محنت کشوں کی شاندار فتح، 400 جبری برطرف مزدور بحال

[رپورٹ: PTUDC گوجرانوالہ]
جمعہ 27 نومبر کو ماسٹر ٹائل گوجرانوالہ کی انتظامیہ نے جبری طور پر برطرف کیے گئے تمام مزدوروں کو بحال کرنے کا اعلان کیا اور تمام مزدوروں کے سامنے اپنے رویے کی معافی مانگی جس پر یونین قیادت نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ ہمارا محنت کشوں کے حقوق حاصل کرنے کی جانب پہلا قدم ہے۔ ماسٹر ٹائل کے محنت کش ہفتہ کے روز سے ہڑتال پر تھے اور اپنے مطالبات کے لیے فیکٹری کے باہر مسلسل احتجاج کر رہے تھے۔ انتظامیہ نے پہلے تو ہڑتال توڑنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا سہارا لیا اور یونین قیادت پر جھوٹے مقدمات بنوائے۔ جب یہ ہتھیار کارگر ثابت نہ ہوا تو انہوں نے لالچ اور ہوس کے ذریعے مزدوروں میں پھوٹ ڈلوانے کی کوشش کی۔ بالآخر مزدوروں کی یکجہتی کے سامنے تمام بت اور فرعون پاش پاش ہو گئے اور مالک نے خود سامنے آکر تمام مزدوروں کے سامنے اپنی غلطیوں کا اعتراف کیا۔ اس نے وعدہ کیا کہ وہ جبری برطرف مزدوروں کو بحال کرے گا، تنخواہوں میں اضافہ کرے گا، کھانے کا معیار بہتر کرے گا اور دیگر تمام سہولیات فوری طور پر مہیا کرے گا۔ اس نے یہ وعدہ بھی کیا کہ وہ جھوٹے مقدما ت واپس لے گا اور آئندہ ایسی کوئی حرکت نہیں کی جائے گی۔ اس کے بعد یونین قیادت نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔
یونین کی رجسٹریشن پر اب بھی ڈیڈ لاک قائم ہے۔ یونین قیادت نے اعلان کیا کہ یونین لیبر ڈیپارٹمنٹ گوجرانوالہ میں رجسٹر ہو چکی ہے اور اسے کسی بھی طرح ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف مالک کی زبانی یقین دہانی پر اعتماد کر رہے ہیں اور اگر وعدہ خلافی کی گئی تو ہم پھر احتجاج کریں گے اور ہڑتال کا حق استعمال کریں گے۔ اس موقع پر یونین قیادت نے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس جدوجہد میں ان کا بھرپور ساتھ دیااور ملک بھر کی مزدور تنظیموں سے یکجہتی کے پیغامات بھجوائے اور احتجاج کروائے۔ پی ٹی یو ڈی سی کے راہنما کامریڈ آدم پال نے اس موقع پر کہا کہ سرمایہ داروں کے وعدوں کا کبھی یقین نہیں کیا جا سکتا اور انہیں جب بھی موقع ملے گا یہ دوبارہ مزدوروں پر حملہ آوار ہونگے اور مختلف طریقوں سے انتقامی کاروائیاں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دفاع کا واحد طریقہ ہماری یکجہتی ہے۔ جب تک تمام محنت کش اکٹھے ہیں اور اپنی صفوں سے کالی بھیڑوں اور مالک کے ٹاؤٹوں کو دور رکھیں گے کوئی ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماسٹر گروپ کی دوسری فیکٹریوں میں بھی یونین بنانے کی جدوجہد کو تیز کریں گے تا کہ آئندہ احتجاج اور ہڑتال کا دائرہ کار پورے گروپ کی فیکٹریوں سمیت علاقے کی تمام صنعتوں تک پھیلایا جا سکے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ مزدور نظریات کو مزدوروں سے دور رکھا گیا ہے تا کہ مالک کے ہاتھوں ہونے والے استحصال سے اس کو آگاہی حاصل نہ ہو۔ ہم مقامی سطح پر ہفتہ وار سٹڈی سرکلز کا آغاز کریں گے تا کہ مزدور نہ صرف اپنے حقوق اور شاندار ماضی سے آگاہ ہو سکیں بلکہ ملکی اور عالمی سطح پر مزدور تحریک سے جڑ کر اس میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے مالکان کو تنبیہ کی کہ آئندہ محنت کشوں کے ساتھ ناانصافی کی صورت میں زیادہ بڑے پیمانے پر رد عمل نظر آئے گا اور ضلعی انتظامیہ اور پولیس سمیت تمام جبر کے تمام ستونوں کو محنت کش توڑ ڈالیں گے۔