لاہور: پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف احتجاجی جلسہ

[رپورٹ: کامریڈ فیضان اکرم]
لاہور ائرپورٹ پر واقع پی آئی اے کے یونین آفس میں مورخہ 23 ستمبر کو نجکاری کے خلاف احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں پی آئی اے کے محنت کشوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر محنت کشوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کا وفد بھی پہنچا جس کا محنت کشوں نے پر تپاک خیر مقدم کیا۔ وفد میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے مرکزی راہنما کامریڈ آدم پال، پی ٹی سی ایل ورکرز یونین کے مرکزی چئیرمین صابر بٹ، ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے مرکزی راہنما ڈاکٹر تجمل بٹ، سروسز ہسپتال لاہور کے راہنما ڈاکٹر فرحان گوہر، میو ہسپتال لاہور کے راہنما ڈاکٹر فیضان، جنرل ہسپتال لاہور کے راہنما ڈاکٹر ولید خان، پاکستان اسٹیل لاہور یونٹ کے سی بی اے یونین کے صدر اظہار شاہ اور مرتضیٰ شامل تھے۔

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن کا لیف لیٹ

اس موقع پر پیپلز یونٹی ( سی بی اے یونین) لاہور کے صدر ساجد گجر اور جنرل سیکرٹری حسین عباس موجود تھے جنہوں نے پی ٹی یو ڈسی کے نمائندوں اور دیگر محنت کش راہنماؤں کو اسٹیج پر آنے کی دعوت دی۔ ہال میں مزدور اتحاد زندہ باد، میاں تیری نجکاری نامنظور، پی آئی اے ہمارا ہے، مزدور کے سامنے جو آئے گا۔ پاش پاش ہو جائے گا کے پر جوش نعرے لگ رہے تھے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے لاہور کے جنرل سیکرٹری حسین عباس نے کہا کہ حکومت ایسی پالیسیاں بنا رہی ہے جس سے پی آئی اے کے خسارے میں اضافہ ہو، اس کے علاوہ میڈیا میں بھی پی آئی اے کے ادارے اور محنت کشوں کے خلاف مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو اس ادارے سے بد گما ن کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نجی ائیر لائن کمپنی بلیو ائر کا مالک ہے اور اس کو کامیاب کرنے کے لیے پی آئی اے کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ 28ستمبر سے بلیو ائر برمنگھم سے پاکستان پرواز شروع کر رہی ہے اور اس سے پہلے برطانیہ میں پی آئی اے کے اسٹیشن مینجر سمیت تمام اہم عہدیداروں کو واپس بلا کر وہاں مینجمنٹ کا خلا پیدا کر دیا گیا جو کئی ماہ تک پر نہیں ہو گا۔ اسی طرح بیرونی ممالک کے اسٹیشنوں سے سو کے قریب ملازمین کو برطرف کرنے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی صور بھی پی آئی اے کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے اور ادارے کے تمام ملازمین اس گھناؤنے منصوبے کے خلاف لڑیں گے۔ اگر ہمیں سڑکوں پر لڑنا پڑا ہم لڑیں گے لیکن اس ادارے کو بکنے نہیں دیں گے۔ حسین عباس نے پی آئی اے کے مزدوروں کے اتحاد پر بھی زور دیا اور کہا کہ وہ اپنے اندر کالی بھیڑوں پر نظر رکھیں تا کہ وہ مینجمنٹ کے ناپاک ارادوں کی تکمیل نہ کرا سکیں۔ انہوں نے اسحاق ڈار کو اسحاق ڈالر کا خطاب دیا اور کہا کہ اسے ان شرمناک منصوبوں میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پیپلز یونٹی لاہور کے صدر ساجد گجر نے اپنے خطاب سے پہلے پشاور بم دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کے لیے دعا کروائی۔ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ ہم پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف دوسری مزدور تنظیموں کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے پی ٹی یو ڈی سی کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم تمام یونینوں کی میٹنگ بلا کر نجکاری کے خلاف جدوجہد طبقاتی بنیادوں پر لڑیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے راہنماؤں نے بھی ہمیں نجکاری کے خلاف لڑنے کا یقین دلایا ہے اور ہم اس یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ نئے جہازوں کو صرف معمولی پرزوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے جان بوجھ کرگراؤنڈ کیا ہوا ہے۔ انہیں چند دنوں میں آپریشنل کیا جا سکتا ہے لیکن انتظامیہ کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ایسا نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے جدوجہد کو جاری رکھنے کا اعلان کیا اور کہا کہ مرکزی قیادت کے فیصلے کے تحت جلد ایک مقررہ دن پر پورے پاکستان کے پی آئی کے محنت کش ائرپورٹوں میں ریلی نکالیں گے جس میں دیگر یونین عہدیداران کو دوبارہ مدعو کیا جائے گااور بڑے پیمانے پر ملازمین شرکت کریں گے۔
اس سے قبل پی ٹی سی ایل کے صابر بٹ نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی سی ایل منافع بخش ادارہ تھا جو 30ارب روپے سالانہ کما رہا تھا لیکن2005ء میں اس کی نجکاری کے بعد ساٹھ ہزار ملازمین کو نکال دیا گیا ہے۔ پنشن اور تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا، میڈیکل کی سہولیات ختم کی جا رہی ہیں اور انتظامیہ انتہائی جبر کے ذریعے ملازمین سے کام کروا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی سی ایل کی نجکاری کے وقت آئی ایس آئی، انٹیلی جنس بیورو سمیت تمام اہم اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں کو کمیشن دیا گیا تھا جس میں مشرف کا بیٹا بھی شامل تھا۔ قومی اسمبلی کی نجکاری کیوں نہیں کی جاتی جو پاکستان میں کوئی ایک مسئلہ بھی حل کرنے میں ناکام ہے۔ صد، وزیراعظم، گورنر اور وزیر اعلیٰ کے گھروں پرعوام کے اربوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں جبکہ ان کے تمام اقداما ت ذاتی دولت کے لیے لوٹ مار پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پی آئی اے کے ورکروں سے درخواست کرتاہوں کہ اپنی صفوں میں اتحاد رکھیں اور قیادت پر نظر رکھیں تا کہ کوئی ان کی جدوجہد کو نقصان نہ پہنچا سکے۔ انہوں نے پی ٹی سی ایل کے ورکروں کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
ڈاکٹر تجمل بٹ نے ینگ ڈاکٹروں کی جانب سے پی آئی اے کے محنت کشوں کو مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ ان محنت کشوں کا پیغام تمام ہسپتالوں تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے نجکاری کی شدید مخالفت کی اور کہا کہ ن لیگ کی حکومت ہمیشہ مزدور دشمن کاروائیوں میں ملوث رہی ہے اور انہیں عوام کے مسائل سے زیادہ اپنی ذاتی دولت میں اضافے میں دلچسپی ہے۔ کامریڈ آدم پال نے PTUDC کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ یہ ادارہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے سے بنا ہے اور پی آئی اے کے محنت کشوں نے اسے اپنے خون اور پسینے سے اس کو تعمیر کیا ہے لیکن اب سرمایہ دار اس کو اپنی ذاتی ملکیت بنا کر ہم سے یہ ادارہ چھیننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈی سمیت اہم عہدیداروں کی تقرری حکومت کرتی ہے اور وہی اس کے خسارے کے ذمہ دار ہیں۔ اگر اس ادارے کو محنت کشوں کے جمہوری کنٹرول میں دیا جائے تو چند ماہ میں تمام خسارہ ختم کیا جا سکتا ہے اور سروس کا معیار بھی کہیں زیادہ بہتر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے محنت کشوں سے متحد رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ یہ حکومت پہلے ہی مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کر رہی ہے جس سے عوامی نفرت بڑھ رہی ہے۔ پی آئی اے کے ملازمین متحد رہیں تو نہ صرف نجکاری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے بلکہ اس کرپٹ مزدور دشمن حکومت کی بنیادیں بھی ہلائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے محنت کشوں سے وعدہ کیا کہ وہ ان کا پیغام پاکستان کے دیگر اداروں کے محنت کشوں سمیت دوسرے ممالک کے محنت کشوں تک بھی پہنچائیں گے اور ان سے اظہار یکجہتی حاصل کرتے ہوئے اس تحریک کو مضبوط کریں گے۔
تقریب کے دوران پی ٹی یو ڈی سی کی جانب سے لیف لیٹ بھی تقسیم کیا گیاجسے بہت زیادہ پذیرائی ملی۔