پمزاسلام آباد میں نان گزٹیڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے انتخابات میں انقلاب گروپ کی شاندار فتح

[رپورٹ: کامریڈ سدرہ]
23 سال کے بعد پمز میں باقاعدہ طور پر یونین الیکشن ہوئے۔ اس سے پہلے انتظامیہ اپنے تئیں اپنے من پسند لوگوں کو الیکشنز کے بغیر سلیکٹ کر لیتی تھی۔ لیکن انقلاب گروپ نے اس دفعہ اس من مانی فیصلہ کے خلاف الیکشن میں حصہ لیا اور اتفاق گروپ کو شکست دی۔
انقلاب گروپ نے اپنی انتخابی مہم میں پمز کے محنت کشوں کو مندرجہ ذیل پیغام دیا:

ساتھیو! انقلاب گرو پ آپ سے چند گذارشات کرنا چاہتا ہے۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ آج سے دو سال قبل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نام سے ایک کمیٹی کی بنیاد ہنگامی طور پر رکھی گئی۔ کئی سالوں سے پمز کے ملازمین کے بنیادی حقوق یعنی ٹائم فریم پروموشن جو کہ اس کمیٹی کا بنیادی مقصد تھایہ کمیٹی کئی موقعوں پر دور ہوتی رہی۔ جب وفاقی حکومت نے ہیلتھ سیکٹر میں HPS رائج کرنے کی کوشش کی تو اس کمیٹی کے افراد نے سید منظر عباس نقوی کی قیادت میں HPS نامنظور تحریک چلائی۔ ادارے کے ملازمین جس میں ہر شعبہ کے افراد نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ اس تحریک میں پمز کے علاوہ دیگر اداروں مثلاً پولی کلینک، نرم، سی ڈی اے ہسپتال اور دیگر مزدور یونینز نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔ جناب سید منظر عباس نقوی کے ساتھ انقلاب گروپ کے صدر چوہدری محمد ریاض گوجر اور ان کے دیگر ساتھیوں راؤ محمد خالد، شاہد جان خٹک، سائیں دتہ، انور مسیح، طارق محمود مٹو، صابر مسیح، نذیر قریشی، چوہدری محمد فیاض اور دیگر ساتھیوں نے بھی کندھے سے کندھا ملا کر کام کیا، خصوصاً چوہدری محمد ریاض گوجر نے اپنا ذاتی سیاسی اثر و رسوخ استعمال کر کے وفاقی وزراء، پارلیمنٹیرین اور بعض سیاسی رہنماؤں سے اس سلسلے میں خصوصی معاونت حاصل کی۔
جناب والا! ہیلتھ الاؤنس کے حصول کی کامیابی کے پس پردہ پمز کے تمام ملازمین کی کوشش اور جدوجہد کار فرماتھی، نہ کہ صرف اتفاق گروپ کے چند افراد جوتن تنہا اس کے دعویدار ہیں۔
ساتھیو! اتنی بڑی کامیابی حاصل کرنے کے بعد کمیٹی کے چند افراد نے مختلف پروگراموں کی مد میں ملازمین سے بلا مقصد چندہ اکٹھا کرنا شروع کر دیا مثلاً میلاد کے پروگرام، ہاؤسنگ سکیم، ہائی کورٹ کیس، وغیرہ وغیرہ۔ یاد رہے کہ ایک تنظیم آل فیڈرل ہیلتھ ایمپلائز ایسوسی ایشن غیر متفقہ طور پر قائم کی گئی جس کی ممبر شپ کی مد میں اکٹھی کی گئی رقم کا بھی کوئی حساب آج تک ملازمین کو نہیں دیا گیا۔
یہ الیکشن چونکہ نان گزٹیڈ ملازمین کا ہے اس لئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی (JAC) کے سپوکس مین جناب سید منظر عباس نقوی کو اپنا تعلق کسی بھی گروپ کے ساتھ نہیں جوڑنا چاہئے تھا اور نہ ہی اپنی ذات کو متنازعہ بنانا چاہئے کیونکہ اس وقت ان کے ساتھ JACمیں تمام متحرک افراد موجود تھے۔
 انقلاب گروپ ایک تبدیلی کا نام ہے۔ ہم ملازمین کو ایک آزاد اور خود مختار ویلفیئر ایسوسی ایشن دینا چاہتے ہیں جس میں ملازمین کی عزت نفس کو مجروح نہیں کیا جائے گا بلکہ عزت و وقار اور ان کے حقوق کی حفاظت جائے گی۔ ہمارا انقلابی پروگرام درج ذیل ہے:
1۔ ادارے کے تمام ملازمین کو متحد اور منظم کرنا ور ہسپتال کے ماحول کو بھائی چارے سے بھر پور خوبصورت اور پُر امن بنانا۔
2۔ ادارہ یعنی پمز کی وفاقی حیثیت کو قائم رکھنا۔
3۔ ادارے میں ملازمین کے بچوں کی ملازمت میں کوٹہ مقرر کرانا نیز پیرامیڈیکس اور نرسنگ سکول میں ملازمین کے کوٹے کو بحال کرانا۔
4۔ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرانا اور ان کے الاؤنس کو بحال کرانے کی کوشش کرنا۔
5۔ کالونی کے مکانات کی الاٹمنٹ میرٹ پر کرانا۔
6۔ ہیلتھ سیکٹر کے ملازمین کیلئے ہاؤسنگ سوسائٹی کا قیام۔
7۔ گریڈ ایک تا پندرہ (15-1) کے ملازمین کی رہائش کیلئے ڈاکٹر/نرسنگ ہاسٹل کے طرز پر بیچلر ہاسٹل کے قیام کیلئے کوشش کرنا۔
8۔ پمز کالونی میں رہائش پذیر ملازمین کیلئے ایک کمیونٹی سنٹر کے قیام کیلئے اقدام کرنا۔
9۔ پمز میں موجود ایف جی سکول کو اپ گریڈ کرانا۔
10۔ ٹیکنیکل سٹاف کی طرح نان ٹیکنیکل سٹاف کو بھی حج مشن پر بھجنے کیلئے اقدام کرنا۔
11۔ ادارے میں خالی آسامیوں پر ترقی کے عمل میں اندرونی ملازمین کی پروموشن کیلئے جدوجہد کرنا۔
12۔ سرکاری طور پر ایک ویلفیئر فنڈ کا قیام نیز باہر سے وسائل مہیا کرکے پمز کے ملازمین کیلئے ویلفیئر پروجیکٹ بنانا۔
ہم انقلاب گروپ کی جانب سے تمام ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جنہوں نے ہم پر اعتماد کیا اور فتح سے ہم کنار کیا ہماری ہر وقت کوشش ہوگی۔ کہ اپنے پروگرام کو عملی جامہ پہناتے ہوئے آپ کی اُمنگوں پر پورا اُتر سکیں۔

آپ کے خادم
چوہدری محمد ریاض گوجر(صدر) راؤ محمد خالد (جنرل سیکریٹری)
انور مسیح (سینئر نائب صدر) طارق محمود خٹک (جوائنٹ سیکریٹری)
نصیب الرحمن عباسی ( نائب صدر) عمران رانا (فنانس سیکریٹری)
رضوانہ شاہین (خاتون نائب صدر) سید اقبال حسن جعفری( آفس سیکریٹری)
محمد نذیر قریشی (پریس سیکریٹری) ماسٹر محمد ریاض (رابطہ سیکریٹری)

انتخابی نتائج
کل ڈالے گئے ووٹ 1445/-
انقلاب گروپ 753/-
اتفاق گروپ 688/-
ٹرن آؤٹ 80%

اے دستِ جفا جا کے خریدار سے کہہ دے
ہم عزتِ مزدور کا سودا نہ کریں گے
کٹ جائے اگر کٹتی ہے زباں میری
حق بات جو ہوگی سرِ دار کہیں گے