| رپورٹ: دانیال عارف |
23 اپریل 2016ء کو راولاکوٹ کے مقام پر طبقاتی جدوجہد کشمیر کی ریجنل کانگریس کا انعقاد کیا گیا جس میں کشمیر بھر سے 500 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ کانگریس کا آغاز کامریڈ مریم نے انقلابی ترانہ سنا کر کیا، JKNSF کے مرکزی صدر کامریڈ بشارت اس ریجنل کانگریس کو چیئر کر رہے تھے، کامریڈ حسیب احسن نے بھارتی کشمیر میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے ریاستی سیکرٹری جنرل کامریڈ یوسف تاریگامی کا ریجنل کانگریس کیلئے بھیجا گیا پیغام پڑھ کر سنایا۔ کامریڈ لال خان نے عالمی اور ملکی صورتحال پر بحث کا آغاز کیا، انہوں نے عالمی طور پر موجود سرمایہ داری کے معاشی زوال اور سرمایہ دارانہ نظام کیخلاف ابھرنے والی تحریکوں اور انکے تناظر پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ پاکستانی کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ کامریڈ جمیل، کامریڈ نجیب، کامریڈ ابرار، کامریڈ کفایت اللہ، کامریڈایس این شوریدہ اور دیگر نے اس بحث میں حصہ لیا، اسکے بعد کامریڈ راشد شیخ نے انقلابی پارٹی کی تعمیر اور مستقبل کے تنظیمی لائحہ عمل پر تفصیلی روشنی ڈالنے کے بعد ریجنل سلیٹ پیش کی جسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ اس کے بعد کامریڈ حلیم ساجد نے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کشمیر کی باڈی کے نام اناؤنس کئے اور آخر میں کامریڈ لال خان نے سوالات کی روشنی میں کانگریس کا سم اپ کیا۔ بعد ازاں کشمیر میں ٹریڈ یونینز پر بذریعہ ایکٹ پابندی عائد کئے جانے کیخلاف PTUDC اور جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے بینر تلے احتجاجی ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا جس سے نو منتخب صدر PTUDC کامریڈ نوید اسحاق اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔