سیالکوٹ: ’’روس: انقلاب سے رد انقلاب تک‘‘ کی تقریب رونمائی

[رپورٹ: PTUDC سیالکوٹ]
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن سیالکوٹ کی جانب سے 8 نومبر کو پریس کلب سیالکوٹ میں بالشویک انقلاب کی 96ویں سالگرہ کے موقع پر ٹیڈ گرانٹ کی کتاب ’’روس: انقلاب سے رد انقلاب تک‘‘ کی تقریب رونمائی کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں محنت کشوں، طلبہ اور وکلاء نے بھرپور شرکت کی۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی پیپلز پارٹی کے رہنما کامریڈ الیاس خان تھے جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں وحید بخاری ایڈووکیٹ، ترقی پسند فورم کویت کے رہنما یاسر رضا بٹ اور سماجی کارکن ادریس چیمہ شامل تھے۔ پروگرام کا آغاز مختلف کامریڈز کی انقلابی نظموں اور ترانوں سے ہوا جس کے بعد کامریڈ ناصر محمود بٹ نے بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ بالشویک انقلاب کی میراث آ ج ہم ہیں اور ہمارا فریضہ بنتا ہے کہ پاکستان میں سوشلسٹ انقلاب برپا کرکے صدیوں کی غلامی کا خاتمہ کریں۔ کویت سے آئے ہوئے کامریڈ یاسر بٹ نے کہا کہ ہم ملک سے میلوں دور بیٹھ کر بھی آپ کے ساتھ مکمل تعاون کرتے رہیں گے اور یہ جنگ دنیا کے تمام مظلوموں کی جنگ ہے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حالت زار اور یہاں کی خصی سرمایہ داری اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ یہاں کسی صحت مند معاشرے کا قیام عمل میں لایا جا سکے جس کی وجہ سے آئے روز ہمیں خودکشیوں، غربت اور بھوک میں اضافہ نظر آرہا ہے۔ اس معاشی بحران نے حکمرانوں کے پاگل پن اور ہوس کو عام آدمی پر واضح کر دیا ہے۔ ایک طرف مہنگائی، بیروزگاری، لاچاری اور دہشت گردی میں آئے روز اضافے نے عام آدمی سے جینے کی امنگ بھی چھین لی ہے جبکہ دوسری طرف طالبان سے مذاکرات کا ڈھونگ رچایا جا رہا ہے۔ آج بھی سرمایہ دارانہ نظام کے تنخواہ دار ملازم سوشلزم کے ناکام ہونے کا بلند آواز دعوے کرتے نظر آرہے ہیں، لیکن عالمی سطح پر اٹھنے والی تحریکوں نے ان سب کے سامنے سوشلزم اور طبقاتی جدوجہد کی حقیقت کو واضح کیا ہے۔ آج نئی نسل پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ بالشویک انقلاب کے ادھورے سفر کو پورے کرہ ارض پر کمیونسٹ معاشرے کا نٖفاذ کر کے پورا کیا جائے۔ آخر میں کامریڈ الیاس خان نے کہا کہ ہمارے حکمرانو ں کے کارناموں کی وجہ سے لفظ سیاست گالی بن چکا ہے اور عام لوگ سیاست میں حصہ لینے سے گریزاں ہیں، لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ سیاست کا مقصد و مطلب اپنے مقدر کو بدلنے کی جدوجہد ہے جو ہم جاری رکھیں گے۔ دیوار برلن کے گرنے اور سویت یونین کے خاتمہ کے بعد پوری دنیا میں سوشلزم کے خلاف پراپیگنڈا کیا گیا مگر آج پھر پوری دنیا میں رونما ہونے والے واقعات نے یہ ثابت کیا ہے کہ طبقاتی جدوجہد ایک زندہ حقیقت ہے جس کا منطقی نتیجہ سوشلسٹ انقلاب ہی ہے۔ آج تمام مسائل کا واحد حل سرمایہ داری کا خاتمہ اور محنت کشوں کی آمریت ہے۔ آ ج تجدید عہد کا دن ہے کہ مارکس، لینن اور ٹراٹسکی کی لازوال جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے۔ ہمارے سامنے ٹیڈ گرانٹ کی مثال ہے جس نے سرمایہ داری کے عروج میں بھی انقلابی سوشلزم کے پرچم کو گرنے نہیں دیا، ان کی جدوجہد کی بدولت ہم آج انٹرنیشنل کے طور پر پوری دنیا میں سوشلسٹ انقلاب کے لئے سرگرم ہیں۔ آج کی نسل کو کامریڈ ٹیڈ کی لازوال تصنیفکا بغور مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ ہم ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے اس ملک میں سوشلسٹ انقلاب برپا کریں۔ دیگر مقررین میں BNTکے کامریڈ احسن، اتحاد اساتذہ کے کامریڈ بابر، وحید بخاری ایڈووکیٹ، ڈسکہ سے کامریڈ حسن، فیصل آباد سے کامریڈ عمر رشیداورگوجرانوالہ سے کامریڈ اویس شامل تھے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ عمر شاہد نے انجام دیئے۔ پروگرام میں طبقاتی جدوجہد پبلیکیشنز کی طرف سے سٹال لگایا گیا جہاں سے بہت سے حاضرین نے ٹیڈ گرانٹ کی کتاب خریدی۔