سکھر: ’’روس: انقلاب سے رد انقلاب تک‘‘ کی تقریب رونمائی

[رپورٹ: احسن جعفری]
09 نومبر2013 بروز ہفتہ کوئنزروڈ سکھر پر کامریڈ ٹیڈ گرانٹ کی شہرہ آفاق کتاب ’’روس: انقلاب سے رد انقلاب تک‘‘ کی تقریب رونمائی منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت ڈاکٹر لال خان نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی کے طور پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے نصراللہ بلوچ کو مدعو کیا گیاتھا۔ تقریب میں انجمنِ ترقی پسند مصنفین کی طرف سے سندھ کے صدر ڈاکٹر بدراُجن اور سکھر کے سیکریٹری ایس جی بھا گیا نے شرکت کی۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے مرکزی چیئر مین ریاض لُنڈ اور پارس جان نے بھی خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اکتوبر انقلاب کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اکتوبر انقلاب کی میراث ہی اس تاریک رات میں محنت کشوں کو ایک روشن صبح کی نوید سناتی ہے۔ ڈاکٹر لال خان نے اپنے خطاب میں کامریڈ ٹیڈ گرانٹ کی انتھک جدوجہد کا مختصر جائزہ پیش کیا اور بتایا کہ سوویت یونین کے ٹوٹنے کی پیش گوئی سب سے پہلے مارکسسٹوں نے ہی کی تھی ، انہوں نے ٹراٹسکی اور ٹیڈ گرانٹ کے سوویت یونین کی ریاست کے مارکسی تجزئیے پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ کامریڈ لال خان نے وہ عوامل بھی بیان کئے جو سوویت انقلاب کی زوال پزیری اور بعد ازاں سوویت یونین کے انہدام کا باعث بنے۔
تقریب میں شاہ عبدالطیف یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ ، واپڈا، ریلوے ،ایگریکلچر ورکرز یونین اورسکھر کے دیگر اداروں کے محنت کشوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔