| رپورٹ: PTUDC دادو |
دادو میں اساتذہ نے چار ماہ سے تنخواہیں جاری نہ کرنے کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کردی۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ کرپٹ افسران اپنی کرپشن کو چھپانے کی خاطر اساتذہ کا معاشی قتل عام کر رہے ہیں اور چار ماہ سے تنخواہیں روک رکھی ہیں۔ اس سلسلے میں دادو پریس کلب کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال کی گئی جس میں ضلع دادو کے سارے اسکولوں سے اساتذہ بطور نمائندہ شریک ہوئے۔ گسٹا (سیکنڈری اسکول ٹیچرز ایسوسی ایشن) دادو کے نمائندہ عہدیداران عبدالسلام میمن، سردار بوک، میاں محمد پیرزادہ، روشن پیرزادہ، جاوید اکبر میمن، اختر برہمانی اور مشتاق پھنور نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اساتذہ کی تنخواہیں جاری کی جائیں ورنہ کرپٹ افسران اور وزرا کے خلاف دھرنے، گھیراؤ اور تدریسی عمل کے بائیکاٹ کا لائحہ عمل جاری کیا جائیگا۔ بڑھتے ہوئے احتجاج کے پیش نظر حکومتی انتظامیہ کی طرف ڈپٹی کمشنر دادو بھوک ہڑتالی کیمپ آئے اساتذہ کے مطالبات سننے کے بعد ان کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اس کے بعد عارضی طور پر احتجاج ختم کیا گیا۔