| رپورٹ: PTUDC سیالکوٹ |
محکمہ سوئی ناردرن گیس کے ملازمین نے اپنے ایم ڈی عارف حمید اور انتظامیہ کی مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کے ذریعے اپنے مطالبات کی جدوجہد شروع کی ہے۔ اس سلسلے میں PTUDC کے وفد نے اظہار یکجہتی کے لئے سیالکوٹ میں موجود یونین کے آفس سیکرٹری محمد یوسف سے ملاقات کی۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے چاچا یوسف نے کہا کہ عارف حمید ایم ڈی سوئی گیس اس وقت غیر قانونی طو ر پر اپنی مدت ملازمت میں اضافہ کروا کر کرسی پر براجمان ہے۔ دانستہ طور پر لاکھوں روپے تنخواہ اور مراعات لینے کے باوجود یہ ادارے کا بیڑہ غرق کر رہا ہے۔ اسی سال ہمارا شاہین گروپ باقاعدہ ریفرنڈم جیت کر آیا ہے جس نے پہلے دن ہی مزدوروں کے حقوق کے لئے جدوجہد کا آغاز کیا۔ رواں سال ہی سوئی گیس کے محکمہ سے ڈھائی تین سو ملازمین کو جھوٹی انکوائریوں کی بنیاد پر ملازمت سے جبری برطرف کر دیا گیا ، بھٹو دور سے ملنے والے C-10 بونس کا خاتمہ کر دیا گیا، اس کے علاوہ ایم ڈی نے دانستہ طور پر پچھلے 22 ماہ سے یونین کے ساتھ COD کی توثیق بھی نہیں کی، جس کی وجہ سے محنت کش سراپا احتجاج ہیں۔ ہم محنت کش سخت گرمی میں بھی کھڈوں کے اندر کام کرنے پر مجبور ہیں جبکہ یہ افسر شاہی اے سی کمروں میں عیاشیاں کرتی ہے۔ ادارے کو جان بوجھ کر خسارے میں ظاہر کیا جا رہا ہے،ہماری تنخواہوں میں نہ ہونے کے برابر اضافہ کیا جاتا ہے جبکہ ان افسران کی نہ رکنے والی عیاشیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سال ایم ڈی عارف حمید بیرون ملک سے 52 لاکھ کے دانت سوئی گیس کے خرچہ پر لگوا کر آیا ہے جبکہ ہمارے الاؤنس ختم کئے جا رہے ہیں۔ ہم یونین قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنے مطالبات کے پورا ہونے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔