فارورڈ گیئرسیالکوٹ: انتظامیہ کے مظالم کے خلاف ہڑتال کا آغاز

| رپورٹ: PTUDC سیالکوٹ |

فارورڈ گیئر کے محنت کشوں نے انتظامیہ کے خلاف آج مورخہ 4 اگست سے مکمل کام روک کر ہڑتال شروع کر دی ہے جس دوران تمام ہالز کے ورکرز نے ہڑتال میں حصہ لیا اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

IMG_0393
ہڑتال کے آغاز کے بعد محنت کشوں کا اجتماع

تفصیلات کے مطابق آج صبح 8 بجے کے قریب جب محنت کش روزمرہ اوقات کار کے مطابق اپنے کام کے آغاز کے لئے اپنے ہالز میں کام کرنے کے لئے پہنچے تو فارورڈ انتظامیہ کی طرف سے نئی پاکٹ یونین کے غنڈے نے ایک ورکر سے فیکٹری کارڈ چیک کروانے کو کہا تو ورکر نے کہا کہ ہم نیچے پانچ جگہوں پر سیکورٹی والوں کو کارڈ چیک کروا کر آئے ہیں اب تم کون ہو جسے چیک کروائیں؟ اس گستاخی پر پاکٹ یونین کے سیکرٹری تجمل بٹ نے ورکر کا گریبان پکڑ لیا اور گالی گلوچ کرنے لگا، اس کو روکنے کے لئے محنت کشوں کی یونین کے نمائندہ حافظ شمس نے مسئلہ کو حل کروانے کی کوشش کی تو اس سے بھی گالی گلوچ شروع کر دی۔ اس دوران حافظ شمس اپنا ہاتھ شیشے کی کھڑکی پر رکھ کر کھڑ ا تھا تو مینجمنٹ روم سے HR مینجر جوکہ ریٹائرڈ کرنل بھی ہے نے طیش میں آکر لوہے کی کرسی مار دی جس سے شیشے حافظ شمس کے ہاتھ پر لگے، اس کی نبض کٹ گئی اور خون بہنے لگ گیا۔ فیکٹری کی حدود میں ہمیشہ ایمبولینس کھڑی ہوتی ہے لیکن اس ورکر کے لئے ایمبولینس انتظامیہ نے استعمال نہیں کرنے دی تو یونین اور ورکرز نے مل کر کرائے پر گاڑی کروا کر اسکو ہسپتال پہنچایا۔

worker injured by management at forward gear sialkot
انتظامیہ کے حملے میں زخمی ہونے والا محنت کش

ڈاکٹروں کے مطابق حافظ شمس کو گہری چوٹیں آئیں ہیں اور اس کو تین ماہ مکمل ریسٹ بتا دیا گیا ہے۔ حافظ شمس کی حالت کو دیکھ کرمین پروڈکشن کے ورکرز نے بغیر یونین کے نمائندوں کے خود ہی کام چھوڑ کر ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ دیکھتے دیکھتے پوری فیکٹری کے دیگر شعبوں کے ورکرز بھی اس ہڑتال میں شامل ہو گئے۔ سارا دن چلنے والی ہڑتال میں ایک سوئی کی سلائی سے لیکر ٹرک تک نے حرکت نہیں کی اور خواتین محنت کشوں نے بھی بڑھ چڑھ کر اس ہڑتال میں حصہ لیا۔ اس موقع پر وقتاً فوقتاً پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے کامریڈز اور یونین قیادت ورکرز سے صلا ح مشورہ کے بعد لائحہ عمل طے کر تی رہی۔ اس دوران خطاب کرتے ہوئے صدر فارورڈ گیئر ورکرز یونین محمد علی بٹ نے کہا کہ ہم اپنے مطالبات اور حافظ شمس پر حملہ کرنے والے انتظامیہ کے منیجر کے خلاف ایکشن تک ہڑتال جاری رکھے گے، ہماری یونین کی ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر سیالکوٹ ملک بشارت نے غیر قانونی طور پر رجسٹریشن معطل کر دی ہم اس کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کرتے ہوئے اس ہڑتال کو جاری رکھیں گے، مالکان ورکرز کو گمراہ کر رہے ہیں کہ یونین کی وجہ سے فیکٹری بند ہو جائے گی، اگر فیکٹری بند IMG_0405کی گئی تو ورکرز اس پر قبضہ کر کے اپنے نمائندگان کے ذریعے چلائیں گے، اگر ہم نہیں رہے تو یہ ڈائریکٹر بھی نہیں رہے گے ۔ پی ٹی یو ڈسی کے کامریڈ بابر پطرس، عمر شاہد، عمیر علی ، حیدر علی اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ٹی یو ڈی مالکان کے محنت کشوں کے خلاف اقدامات کی پر زور مذمت کر تے ہوئے مطالبہ کرتی ہے کہ ان کے تمام مطالبات تسلیم کئے جائیں ۔ مزدور دشمن کرپٹ ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر ملک بشارت کو برطرف کیا جائے ۔ اس سلسلے میں پاکستان بھر میں احتجاج کئے جائیں گے اور پہلا احتجاج کل مورخہ 5 اگست کو سیالکوٹ میں کیا جائے گا ۔ اس لڑائی میں پاکستان بھر کی ٹریڈ یونینز، ترقی پسند قوتوں اور مزدور انجمنوں سے اظہار یکجہتی کی اپیل کرتے ہوئے PTUDC فارورڈ گیئرانتظامیہ کو مذمتی پیغامات بھجوانے کی اپیل کرتی ہے۔

مطالبات
*حافظ شمس پر حملہ کرنے والوں کو عبرت ناک سزا دی جائے اور اس کو 10لاکھ بطور ہرجانہ ادا کیا جائے۔
*یونین کے خلاف انتقامی کاروائیوں کا سلسلہ بند کیا جائے نیز محنت کشوں کی حقیقی یونین کو بطور CBA تسلیم کیا جائے۔
*کرپٹ مزدور دشمن ملک بشارت ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر کو بر طرف کیا جائے۔
*جبری اوور ٹائم کا خاتمہ ، تنخواہوں میں کم از کم 15فیصد اضافہ اور تمام ورکرز کو بونس کی ادائیگی کی جائے۔

فیکٹری انتظامیہ سے رابطہ کی تفصیلات
پتہ:
خواجہ مسعود چیئرمین اینڈ CEO
فارورڈ گیئر پرائیویٹ لیمٹیڈ
اڈہ سہولہ وزیر آباد روڈ سیالکوٹ
فون نمبر: 3571990 (ایریا کوڈ 052)
فیکس: 3571996
ای میل masood@forward.pk
info@fgear.pk
موبائل نمبر:03456680900