حسن ابدال: گنج گلاس فیکٹری میں ہڑتال

| رپورٹ: PTUDC واہ |

یکم اگست بروز سوموار گنج گلاس فیکٹری کے مزدوروں نے تین ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر فیکٹری گیٹ کے باہر ہڑتال کر دی۔ گنج گلاس فیکٹری میں مزدوروں کے ساتھ ظلم اور زیادتی کا بازار طویل عرصے سے گرم ہے۔ گنج گلاس میں ستر فیصد سے زیادہ مزدور دیہاڑی پر کام کرتے ہیں جن کو 270 روپے دیہاڑی دی جاتی ہے، جن کے نہ تو سوشل سکیورٹی کارڈ بنے ہوئے ہیں اور نہ ہی کام کے دوران حادثے کی صورت میں علاج کی کسی قسم کی سہولت موجود ہے جب کہ گنج گلاس میں حادثے آئے دن کا معمول ہیں۔ یہاں 4 یونٹ کام کرتے ہیں جس میں سے دو یونٹ بند کر کے نہ صرف بڑی تعداد میں مزدوروں کو نوکریوں سے بے دخل کیا گیا بلکہ فیکٹری گھاٹے میں ظاہر کرتے ہوئے لاکھوں روپے کا ٹیکس معاف کروایا گیا اور اس تمام عمل میں لیبر ڈیپارٹمنٹ نے فیکٹری انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دیا۔ اس کے علاوہ وہ مستقل ملازمین جو فیکٹری سے ریٹائر ہو گئے ہیں ان میں سے بیشتر کی گریجویٹی نہیں دی جارہی اور اس پر ظلم کی انتہا پچھلے تین ماہ سے مزدوروں کو تنخواہیں نہیں دیں گئیں۔ جب کہ دو یونٹ مستقل کام کر رہے ہیں اور ایک یونٹ 30 جولائی کو بند کیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود رمضان اور عید پر مزدوروں کو نہ صرف انکی بنیادی تنخواہ نہیں دی گئی بلکہ طویل عرصے سے اوور ٹائم لگوانے کے باوجود اوور ٹائم کے پیسے بھی نہیں دیے گئے۔ اس تمام ظلم و زیادتی سے تنگ آتے ہوئے مزدوروں نے فیکٹری گیٹ کے آگے ہڑتال کر دی اور انتظامیہ اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس ہڑتال میں پیپلز لیبر بیورو ضلع اٹک کے صدر سراج گل خٹک اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے ثاقب زین اور دیگر کامریڈز نے حصہ لیا۔ بالآخر انتظامیہ کو مزدوروں کے ساتھ مذاکرات پر مجبور ہونا پڑا جس میں فیکٹری انتظامیہ، SHO حسن ابدال پولیس اور 4 رکنی ہڑتالی کمیٹی کے ممبران موجود تھے۔ طویل مذاکرات کے بعد یہ طے پایا کہ فیکٹری انتظامیہ پہلی تنخواہ اوور ٹائم سمیت اس ماہ کی 4 تاریخ، دوسری تنخواہ اوور ٹائم سمیت اس ماہ کی 29 تاریخ اور تیسری تنخواہ اگلے ماہ کی 4 تاریخ کو ادا کرے گی۔ یہ معاہدہ باقاعدہ لکھا گیا جس میں فیکٹری مینیجر، ایس ایچ او اور ہڑتالی کمیٹی کے 2 ممبران کے دستخط اور فیکٹری انتظامیہ کہ مہر ثبت کی گئی۔ مزدوروں نے معاہدہ ہڑتالی کمیٹی کے کہنے پر اس شرط پر منظور کیا کہ اگر 4 تاریخ کو پہلی تنخواہ اوور ٹائم سمیت نہ دی گئی تو دوبارہ ہڑتال کی جائے گی۔ تمام مزدوروں نے سراج گل خٹک اور PTUDC کے کامریڈ ثاقب کی یکجہتی کو خوب سراہا۔