راولپنڈی: ماسٹر ٹائل گوجرانوالہ کے محنت کشوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ

[رپورٹ: کامریڈ چنگیز ملک]
سوموار 25 نومبر کو راولپنڈی پریس کلب کے سامنے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے زیر اہتمام ماسٹر ٹائل گوجرانوالہ کے محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں راولپنڈی کے ٹریڈ یونین راہنماؤں نے شرکت کی۔ احتجاج میں پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے راہنما اکرم بندہ، واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین کے مرکزی نائب صدر ملک فتح، ایپکا کے مرکزی راہنما شہزاد کیانی، ریلوے لیبر یونین کے راہنما راجہ عمران کے علاوہ ٹی ایم اے، میونسپل ورکرز یونین، واسا ورکرز یونین، بیروزگار نوجوان تحریک، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کے راہنماؤں نے شرکت کی۔ مقررین نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونین بنانا قانونی حق ہے اور مالکان ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے دباؤ سے مزدوروں کو ہراساں نہیں کر سکتے۔ ہم ماسٹر ٹائل کے محنت کشوں کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں اور ہر قدم پر ان کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا احتجاج علامتی مظاہرہ ہے اور اگر محنت کشوں کی یونین کو تسلیم نہ کیا گیا تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔ مظاہرے میں مزدور اتحاد کے نعرے بھی لگائے گئے۔
دوسری جانب گوجرانوالہ میں ماسٹر ٹائل کے محنت کشوں کی ہڑتال چوتھے دن بھی جاری رہی۔ مالکان نے ہڑتال توڑنے کے لیے کئی مزدوروں کو لالچ دینے کی کوشش کی کہ وہ کسی طرح ڈیوٹی پر آجائیں لیکن محنت کش اپنی جدوجہد میں پر عزم ہیں اور یونین کے حق سے دستبردار ہونے کے لیے کسی طور بھی تیار نہیں۔