| رپورٹ: JKNSF پلندی |
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے مرکزی صدر بشارت علی خان، چیئرمین لبریشن فرنٹ سردار صغیر خان اور دیگر مقررین نے کہا کہ کشمیر ی عوام کی حقیقی سیاسی، معاشی اور قومی آزادی کا راستہ اس خطے سے سرمایہ داری نظام کے خاتمہ کے ذریعے ہی ممکن ہے، حکمران طبقات اپنے نظام اور مفادات کے تحفظ کیلئے محنت کشوں اور نوجوانوں کا خون بہانے میں مصروف ہیں، قتل و غارت گری کا بازار گرم کیا جا چکا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ابھرنے والی تحریک اس خطے کے محروم و محکوم عوام کی جانب سے حکمران طبقات کیلئے ایک بہت بڑا خطرہ بن چکی ہے، تحریک کا قتل کرنے کیلئے اس خطے کے تمام حکمران طبقات ایک صفحہ پر ہیں اور کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو بھارت اور پاکستان میں پھیلنے کے خطرے کو پھانپتے ہوئے اس تحریک کا قتل کرنیکی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جنگ کا ماحول پیدا کر کے اس خطے مصنوعی قومی شاؤنزم کو ابھار کر محنت کشوں اور نوجوانوں کی عظیم جڑأت ختم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تقسیم جس زخم کو کرید کر ہمیشہ سے یہاں اقتدار چلایا جاتا رہا ہے اسی طریقہ کو پھر استعمال کیا جا رہا ہے، پاکستان کے محکوم و مظلوم عوام کی ہندوستان کے محکوم و مظلوم عوام کیساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے، انکے دکھ، درد، تکلیفیں ایک ہیں، اسی طرح کشمیر میں بسنے والے پونے دو کروڑ عوام کے دکھ درد اور تکلیفیں بھی اسی نوعیت کی ہیں لیکن کشمیر پر ایک دہرا ظلم یہ بھی ہے کہ کشمیری عوام کو دونوں ریاستوں کے حکمران طبقات اپنے اندرونی مسائل سے نپٹنے کیلئے بھی ایندھن کے طور استعمال کرتے ہیں، جنگ اور امن کے اس ناٹک میں ہمیشہ غریب عوام کا ہی خون بہایا جاتا ہے۔ وہ پلندری کمیونٹی ہال میں منعقدہ ’سوشلسٹ کشمیر کانفرنس‘ سے خطاب کر رہے تھے۔
کانفرنس کا انعقاد جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پچاسویں یوم تاسیس کے سلسلہ میں کشمیر میں جاری مظالم اور جنگی ماحول کے ذریعے خوف و ہراس پھیلائے جانے کیخلاف اور مقبوضہ کشمیر کے محنت کشوں اور نوجوانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کیا گیا تھا۔ اس سے قبل مظفرآباد سے چلنے والا آزادی کارواں پلندری پہنچا، پلندری میں کارواں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ بعد ازاں کالج گراؤنڈ سے پلندری شہر اور شہر سے کمیونٹی ہال تک احتجاجی مارچ کیا گیا جس میں سینکڑوں نوجوانوں نے شرکت کی۔ مارچ کی قیادت این ایس ایف کے مرکزی صدر بشارت علی خان اور چیئرمین لبریشن فرنٹ سردار صغیر خان نے مشترکہ طور پر کی۔ کمیونٹی ہال میں سوشلسٹ کشمیر کانفرنس کے عنوان سے جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس سے بشارت علی خان، سردار صغیر خان کے علاوہ سابق صدر این ایس ایف راشد شیخ، رہنما پی وائی اے (لاہور) اویس قرنی، چیئرمین ایس ایل ایف احسان اللہ خان، چیف آرگنائزر جے کے این ایس ایف تنویر انور، سیکرٹری جنرل خواجہ جمیل، ڈپٹی چیف آرگنائزر کفایت اللہ خان، مرکزی رہنما جنید خان، جنرل سیکرٹری پی ٹی یو ڈی سی کشمیر واحد خان، کاشف رشید، خلیل بابر، التمش تصدق، آصف رشید، ابرار لطیف، شانی خان، عصمت اللہ خان، عثمان خان، زاہد عارف، عدانان ساگر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔جبکہ ممبر اسمبلی مقبوضہ کشمیر اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے ریاستی سیکرٹری جنرل یوسف تاریگامی نے ٹیلیفونک خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ کشمیر کی مکمل آزادی اور سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے طبقات سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے جدوجہد جاری و ساری رکھیں گے۔ جموں کشمیر این ایس ایف سائنسی تناظر کی بنیاد پر یہ سمجھتی ہے کہ پاکستان اور بھارت سمیت کشمیر میں سرمایہ داری کی موجودگی میں کشمیری عوام کسی طور پر آزادی حاصل نہیں کر سکتے۔ اس لئے ہمیں اس جدوجہد کو بالخصوص پاکستان اور بھارت جبکہ بالعموم پوری دنیا کے محنت کشوں اور نوجوانوں کی جدوجہد سے طبقاتی بنیادوں پر جوڑتے ہوئے اس کرہ ارض پر حکمرانی کرنیوالے حکمران طبقات کیخلاف مشترکہ جدوجہد کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ آج سرمایہ داری نظام عالمی طو رپر متروک ہو کر دنیا بھر میں بربریت اور قتل و غارگری کے ذریعے انسانیت کو تاراج کرنے میں مصروف ہے۔ پاکستان اور ہندوستان سمیت کشمیر کے مقامی حکمران سامراجی طاقتوں کے ایجنٹوں کا کردار ادا کرتے ہوئے اس خطے کے حکمرانوں کے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑ کر اس نظام کو تحفظ دینے کی کوششوں میں مشترکہ طور پر مصروف ہیں، اس لئے ہمیں محنت کشوں اور نوجوانوں کے اتحاد کی بنیاد پر اس خطے کے حکمرانوں کیخلاف طبقاتی لڑائی لڑنا ہوگی اور اس لڑائی کو حتمی فتح تک جاری و ساری رکھیں گے۔