دادو: سندھ کے مزاحمتی شاعر شیخ ایاز کی بیسویں برسی

رپورٹ: کامریڈ ضیا

دادو میں مورخہ 29 دسمبر 2017ء کو طبقاتی جدوجہد کے زیر اہتمام سندھی ادبی سنگت برانچ دادو کے تعاون سے سندھ کے عظیم مزاحمتی شاعر شیخ ایاز کی بیسویں برسی منائی گئی۔ برسی کی تقریب میں مختلف ٹریڈ یونینز کے رہنماؤں، کارکنان، ادیبوں، شاعروں، نوجوانوں اور طلبہ نے شرکت کی۔ تقریب طالب المولیٰ اسکول میں منائی گئی جس میں چیئر کے فرائض کامریڈ صدام خاصخیلی نے سرانجام دئیے۔ دادو کے مشہور شاعر اور سندھی ادبی سنگت برانچ دادو کے رہنما تابش بخاری صدارتی مہمان تھے جب کہ مہمانان خاص میں ڈاکٹر حمید سومرو، پروفیسر ممتاز قمبرانی، ماروجمالی، غلام رسول سومرو، دادو کے معروف شاعر رجب آزاد اور انور پنہور صدر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین صوبہ سندھ شامل تھے۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انور پنہور نے شیخ ایاز کی انقلاب، مزاحمت، سچ اور عشق پر شاعری پر روشنی ڈالی اور کہا کہ شیخ ایاز نے اپنی شاعری میں سٹالن کی مزدور طبقے کے ساتھ غداری اور ٹراٹسکی کی جدوجہد کو واضح کیا۔ان کی شاعری مزدور طبقے کے لیے لڑنے والے انقلابیوں کے لیے بینظیر جذبے کا خزانہ ہے۔ پروگرام کے اختتام پر ایک محفل موسیقی کا انعقاد کیا گیا، جس میں راگی قادر سندھی نے شیخ ایاز کی شاعری کو بڑے ہی دلکش انداز میں گایا اور شرکا کے جذبات کو گرما دیا۔