| رپورٹ: PTUDC دادو |
شاہ عنایت شہید کے یوم شہادت کی مناسبت سے 8 جنوری کو لیبرہال شہدادکوٹ میں کسان کانفرنس منعقد کی گئی جس کی صدارت ہاری رہنما کامریڈ قادر بخش سیلرو نے کی جب کہ مہمان خاص نوجوان آبادکار فورم کے صدر قاضی محسن تھے۔ ایڈووکیٹ طارق کھاوڑ نے استقبالیہ دیتے ہوئے تمام شرکاکا شکریہ ادا کیا، انہوں نے مزید کہا کہ شہدادکوٹ میں دھان کے کم دام اور ناجائز کٹوتیوں کے خلاف 2009ء میں کسانوں نے جو تحریک شروع کی وہ آخرکارفتحیاب ہوئی ہے۔ انہوں نے کسانوں کا استحصال کرنے والے کارخانہ داروں اور سرمایہ داروں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ اپنے حقوق کی جدوجہد کے لئے تمام کسانوں کو منظم ہونا پڑے گا۔ کانفرنس سے انقلابی ہاری جدوجہد کے صوبائی صدر غلام اللہ سیلرونے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی یہ جدوجہد صرف آغاز ہے، یہ لڑائی سوشلسٹ انقلاب تک جاری رہے گی۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کامریڈ عبدالستار مگنھار نے کہا کہ اجناس کی قیمتوں میں کٹوتیوں کے خلاف ہم نے شہدادکوٹ سے ڈی سی ا و قمبر تک احتجاجی لانگ مارچ کیااور ہمیں یہ بڑی کامیابی ملی ہے۔ مزدور رہنما محمد عرس سیلرو نے کہا کہ حکمرانوں نے محنت کشوں کا جینا حرام کردیا ہے، اس لئے سارے حقوق جدوجہد کرکے ہی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ مہمان خاص نوجوان آبادکار فورم کے رہنما قاضی محسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کامیابی یہ ثابت کرتی ہے کہ ہمیں اپنی جدوجہد کو مسلسل جاری رکھنا ہوگا اور ہم تمام کسانوں کے ساتھ ملکر ناجائز کٹوتیوں اور ناانصافیوں کے خلاف لڑنا ہو گا۔ کانفرنس سے بلوچستان سے آئے ہوئے مزدور رہنما صوفی عبدالخالق، اعجاز بگھیہ، PTUDC کے صوبائی صدر انور پنہور، بیڑی مزدور رہنما عاشق علی نے بھی خطاب کیا اور غریب کسانوں اور ہاریوں کے حقوق کی جدوجہد کو انقلابی بنیادوں پر آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ سکندر سیلرو نے ادا کیے۔ کانفرنس میں مندرجہ ذیل قرار دادیں پاس کی گئیں:
۱۔ ناجائز تمام کٹوتیوں کے خاتمے پر مکمل عمل کیا جائے۔
۲۔ دھان کی خریداری کے سرکاری مراکز قائم کیے جائیں۔
۳۔ زرعی نقلی بیج اور نقلی دواؤں کی کمپنیوں پر پابندی عائد کی جائے۔
۴۔ تمام جاگیرداروں اور جرنیلوں کو دی ہوئی تمام زمینیں واپس کرائی جائیں۔
۵۔ گنے اور دھان کے دام بڑھائے جائیں۔
۶۔ بیج اور کیمیائی کھاد پر کسانوں کو سبسڈی دی جائے۔
آخر میں کسان تحریک میں ثابت قدم کردار ادا کرنے والے کسانوں اور آبادکاروں میں شاہ عنایت شہید جدوجہد کے ایوارڈ تقسیم کیے گئے جن میں بخت علی بروہی، کامریڈ راجل داس، کامریڈ کھبڑ سیلرو، طارق حسین کھاوڑ، کامریڈ ستار مگنھار، عرس سیلرو، قاضی محسن اور غلام اللہ سیلرو شامل تھے۔