| رپورٹ: عابد اختر |
مورخہ 6 ستمبر بروز اتوار پی ٹی یو ڈی سی کی جانب سے لاڑکانہ میں ایک سیمینار بعنوان ’’پاکستان کی سیاسی صورتحال اور مزدور تحریک کا تناظر‘‘ منعقد کیا گیا جس کی صدارت پی ٹی یو ڈی سی سندھ کے صدر انور پنہور نے کی جب کہ اعجاز بگھیو، لالا رضا دورانی، سعید، اور حب علی نے خصوصی شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز راجا سجن، ثاقب تھیبو، شاہد جتوئی، ایاز علی، علی اصغر، جان محمد، اختیار انصاری اور بابر شاہ نے مہمانوں کو اجرک اور سرخ مفلر پہنا کے کیا۔ سعید نے بحث کا آغاز کرتے ہوئے پاکستان کی سیاسی پارٹیوں کے کرداراور خاص طور پہ پیپلز پارٹی کے سابقہ اور موجودہ دور حکومت پہ بات رکھی اور پی ٹی یو ڈی سی کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے سوشلزم کی ضرورت اور مزدورتحریک کے تناظر پر روشنی ڈالی۔
اپنی صدارتی تقریر میں انور پنہورنے بر صغیرکی تحریک، شاہ عنایت شہید کی کسان جدوجہد اور 1968-69ء کے انقلاب پر روشنی ڈالی۔ انور پنہور نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے سوشلسٹ پروگرام کی وجہ سے ملک کی سب سے بڑی پارٹی بنی تھی، آج بھی اگر پیپلز پارٹی اپنے منشور پر واپس آتی ہے تو اسکا ابھارہو سکتا ہے لیکن زرداری کی قیادت میں ایسا ہونا نا ممکن ہے، آج محنت کش طبقہ اپنی قیادت کو ڈھونڈ رہا ہے۔ ہمارا یہ تاریخی فرض بنتا ہے کہ ہم وہ قیادت تعمیر کریں جو آنے والے طوفانی عہد میں انقلاب کے ریلے کو اپنی منزل تک پہنچانے کی اہل ہو۔