| رپورٹ : ثاقب زین |
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین واہ ٹیکسلا کے زیر اہتمام 14 اگست کے موقع پر ’’جب تک جنتا بھوکی ہے، یہ آزادی جھوٹی ہے‘‘ کے عنوان سے ایک مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف اداروں کے طلبہ اور محنت کشوں نے شرکت کی۔
گفتگو سے قبل تقسیم کے حوالے سے منٹو کے کچھ مختصر افسانے پڑھے گئے۔ مقررین نے اپنی تقاریر میں کہا کہ برصغیر کی تقسیم سے یہاں کی عوام کا ایک بھی بنیادی مسئلہ حل نہیں ہوا اور عوام آج بھی بنیادی ضروریات کے لیے ترس رہے ہیں، دوسری طرف حکمران طبقے نے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے لیے ایک بیہودہ جشن کا اہتمام کیا ہوا ہے، عوام اور محنت کش طبقہ جانتا ہے کہ وہ ابھی آزاد نہیں ہیں اور اسے حقیقی آزادی حاصل کرنے کے لیے ان حکمران طبقات کے خلاف ایک حتمی جنگ لڑنی ہے، سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کئے بغیر طبقاتی غلامی سے آزادی ممکن نہیں ہے جس کا واحد راستہ شوشلسٹ انقلاب ہے۔بحث میں پی او ایف کلیریکل ایسوسی ایشن کے رہنما شاہد انور، واپڈا ہائیڈرو یونین کے رحیم شاہ، معروف شاعر طالب انصاری، پاکستان پیپلز پارٹی کے تحصیل صدر ملک نجیب الرحمن ارشد، ملک شکیل، حسن علی طاہر، سراج گل اور PTUDC سے ثاقب زین، شاہجہان، مظہر، ساجد مسعود، حسیب الرحمن اور احسان اصغر نے حصہ لیا۔