سیالکوٹ: ’یومِ آزادی‘ کے موقع پر سیمینار کا انعقاد

رپورٹ: انصر باغی

برصغیر کے خونی بٹوارے کے 71 سال کے موضوع پر انقلابی طلبہ محاذ (RSF) کے زیر اہتمام سیالکوٹ کے مقامی سکول میں 14 اگست کو ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ پروگرام میں میزبانی کے فرائض کامریڈ ایاز ٹیپو نے سرانجام دیے جبکہ بحث کا آغاز عمر رشید نے کیا۔ عمر نے ہندوستان کی تقسیم کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ انقلابی روایات کا امین رہا ہے جبکہ یہاں کی انقلابی سرکشی کو کچلنے کے لئے برطانوی سامراج نے مذہب کے نام پر تقسیم کی۔ برطانوی سامراج کے جانے کے بعد یہاں کے غریب عوام کا کوئی ایک مسئلہ بھی حل نہیں ہو پایا ہے کیونکہ استحصالی نظام بدستور موجود ہے اور صرف حکمرانوں کا رنگ بدلا ہے۔ اس کے بعد سیفی، بابر پطرس، عمر شاہد، شمس اور دیگر نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے تقسیم کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف جدوجہد تیز کرنے پر زور دیا۔ آخر میں ناصر بٹ نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شرکا کو انقلابی طلبہ محاذ کا حصہ بننے پر مبارکباد دی۔ پروگرام کا اختتام انقلابی نعرے بازی اور انٹر نیشنل گا کر کیا گیا۔