سیالکوٹ: ’برصغیر کی تاریخ اور بھگت سنگھ کی انقلابی میراث‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

رپورٹ: رمضان جانی

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن (PTUDC) کے زیر اہتمام سیالکوٹ پریس کلب میں مورخہ 23مارچ کو بھگت سنگھ کی شہادت کے دن کی مناسبت سے ’برصغیر کی تاریخ اور بھگت سنگھ کی انقلابی میراث‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانان گرامی میں ایشین مارکسٹ ریویو کے ایگزیکٹو ایڈیٹر اویس قرنی، مشہور سینئر وکیل وحید بخاری، PTUDC کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری عمر شاہد، PTUDCسیالکوٹ کے صدر ناصر بٹ اور ینگ لائرز ڈسکہ کے ایاز ٹیپو شامل تھے۔ جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض بابر پطرس نے ادا کئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حکمرانو ں نے تاریخ کو مسخ کر کے پیش کیا ہے جس میں ہمیں صرف بادشاہوں کی تاریخ بتائی جاتی ہے۔ برصغیر میں صدیوں سے رائج ایشیائی طر ز پیداوار کی وجہ سے یہاں کبھی غلام داری یا جاگیرداری کا جنم نہیں ہوا۔ سرمایہ داری کی بنیادیں بعد از برطانو ی سامراج کے دور میں ڈالی گئیں جس کے تحت اس خطے کولوٹا گیا۔ اس خطہ کی تقسیم کے بعد یہاں پر آج تک سامراجی یلغار جاری ہے۔ بھگت سنگھ، سکھ دیو، راج گرو جیسے عظیم انقلابیوں نے اس خطہ میں سوشلسٹ انقلاب کے لئے اپنی جانیں قربان کر دیں۔آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ سوشلسٹ انقلاب تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
سیمینار کے آخر میں علامہ اقبال چوک تک ریلی نکالی گئی جہاں پر حاضرین نے انقلابی نعرہ باز ی کی ۔