| رپورٹ: کامریڈ عاطف |
24 دسمبر بروز ہفتہ راجن پور بار میں پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال اور انقلابیوں کی ذمہ داری کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں ضلع بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ جس کے مہمانِ خصوصی پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے انٹرنیشنل سیکرٹری ڈاکٹر لال خان تھے جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض عبدالرؤف لُنڈ نے سر انجام دیے۔ سیمینار کا باقاعدہ آغاز عبدالکریم محسن نے اپنی انقلابی نظم سے کیا۔ جس کے بعد کامریڈ لال خان نے موضوع پر بحث کی۔ انہوں نے عالمی معاشی بحران اور اس کے پاکستان پر اثرات پربات رکھی۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام نسل انسانی کی ترقی کی راہ میں ایک بہت بڑی رکاوٹ بن چکا ہے، آج کے جدید تکنیک اور ٹیکنالوجی کے دور میں بھی کروڑوں انسان بھوک اور قابل علاج بیماریوں کی وجہ سے مر رہے ہیں، قابض حکمرانوں کے جبرو استحصال نے محنت کشوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ تمام سیاسی پارٹیوں نے نظام کی دلالی سے کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے، جنونی مذہبی بنیاد پرستی، دہشت گردی کی صورت میں اس ٹوٹتے نظام کے دفاع کے لیے کاربند ہے۔ لیکن دوسری طرف محنت کشوں میں بھی سطح کے نیچے ایک ہلچل موجود ہے، جو کبھی نرسوں اور ڈاکٹروں کے احتجاجوں کی شکل میں تو کبھی اساتذہ، کلرکوں، سٹیل مل اور دیگر اداروں کی چھوٹی بڑی تحریکوں کی شکل میں اپنا اظہار کر رہی ہے۔ اس وقت کا اہم فریضہ ایک ایسے بنیادی اوزار کی، ایک انقلابی پارٹی کی، تعمیر کا ہے،جو ان تحریکوں کو انقلابی سر کشی سے ہمکنار کرتے ہوئے اس کرہ ارض کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے سرمائے اور منافع کی لعنت سے نجات دلاتے ہوئے ایک حقیقی انسانی معاشرے کا قیام عمل میں لا سکے۔