| رپورٹ: چنگیز ملک |
ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے سینکڑوں ملازمین نے جبری برطرفیوں کے خلاف 3 مارچ بروز منگل فاؤنڈیشن ہسپتال کے سامنے احتجاج کیا۔ ملازمین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ڈی ایچ اے انتظامیہ کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس مظاہرے میں سکیورٹی پر معمور ملازمین نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے ڈی ایچ اے سے ملحقہ روڈ مکمل بلاک کر دی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم میں سے بیشتر دس سے پندرہ سالوں سے یہاں ملازمت کر رہے ہیں اور اب انتظامیہ ہمیں نوکریوں سے نکال رہی ہے۔ یہ سراسر معاشی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انتظامیہ نے اپنا فوجی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو اس مظاہرے کی کوریج سے روک دیا ہے۔ مظاہرین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مطالبات کی منظوری تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔