[رپورٹ: نہال خان]
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے زیر اہتمام منگل 16 ستمبر کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے PTUDC کے مرکزی چیئر مین کامریڈ ریاض بلوچ پر کراچی میں ہونے والے قاتلانہ حملے کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں مرک فیکٹری اور پوسٹ آفس کے محنت کشوں اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ اس دوران مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کامریڈ نذر مینگل نے کہا کہ ہم اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ایسے حملے ہمیں محنت کشوں کی لڑائی لڑنے سے ہرگز نہیں روک سکتے اور نہ ہمارے حوصلے پست کر سکتے ہیں۔ ریاض بلوچ محنت کش طبقے کی لڑائی اور جد وجہد میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔ انہوں نے نجکاری، ڈاؤن سائزنگ، رائٹ سائزنگ اور مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف انتھک جدوجہد کی ہے۔ اسی وجہ سے حکمرانوں کے زر خرید کرائے کے قاتلوں نے انہیں نشانہ بنا یا ۔ لیکن ہم ایسے بزدلانہ حملو ں سے ڈرنے والے نہیں اور محنت کشو ں کی لڑائی کو اس سر مایہ دارانہ نظام کے خاتمے تک جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاض بلوچ پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔