ڈسکہ: پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام بیروزگاری اور طبقاتی نظام تعلیم کے خلاف تحریک کا آغاز

رپورٹ: چوہدری شہزاد علی (صدر PYOسٹی ڈسکہ)
پیپلز یوتھ آرگنائزیشن اور پراگریسو یوتھ الائنس کے زیر اہتمام ضلع سیالکوٹ میں بیروزگاری اور طبقاتی نظام تعلیم کے خلاف تحریک کے پہلے مرحلہ میں ڈسکہ شہر میں سوہاوہ کے مقام پر احتجاجی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوانوں اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس کیمپ میں طبقاتی جدوجہد پبلیکیشنز کی طرف سے شائع کر دہ پیپلز پارٹی کا بنیادی منشور اور لٹریچر رکھا گیا تھا جس میں شرکاء نے گہری دلچسپی دکھائی۔ اس کیمپ میں سارا دن سرمایہ دارانہ نظام کے بحران اور پیپلز پارٹی کے کردار پر بحث و مباحثہ جاری رہا جس میں نوجوانوں نے حصہ لیا۔ اس کیمپ میں خصو صی طور پر پراگریسو یوتھ الائینس کے مرکزی رہنما اور انقلابی کونسل زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے چیئرمین کامریڈ عمر رشید نے شرکت کی اور جڑ ت کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ ہم پراگریسو یوتھ الائنس کے پلیٹ فارم سے بیروزگاری اور طبقاتی نظام کے خلاف اس تحریک کو ملک گیر سطح پر پھیلانے کا عزم کر تے ہوئے تمام ترقی پسند قوتوں کو ساتھ ملا کر اس ملک سے سرمایہ دارانہ نظام کو اکھاڑ کر ایک سوشلسٹ انقلاب برپا کر یں گے۔ کیمپ میں شریک PYO کے نوجوانوں نے اس تحریک کو مزید پختہ بناتے ہوئے نوجوانوں کی وسیع تر پرتوں کو ساتھ جوڑتے ہوئے ایک متبادل قوت بننے کا عزم کیا۔ پورا دن جاری رہنے والے اس کیمپ میں جہاں سیاسی بحث و مباحثے جاری رہے وہاں ہی پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت کی طرف سے سخت نتائج کی دھمکیا ں بھی وصول ہوتی رہی لیکن پرعزم نوجوانوں نے اس جدوجہد کو آگے بڑھانے اور متحد ہو کر تمام استحصالی قوتوں کے خلاف لڑنے کا عہد کیا۔ اس کیمپ میں دس کے قریب نوجوانوں نے اپنے آپ کو اس تحریک کا حصہ بنانے کے لیے بطور ممبر رجسٹر کیا۔ آخر میں وقاص (سینئر نائب صدر PYO ڈسکہ سٹی) نے کامیاب کیمپ کے انعقاد پر تمام حاضرین اور یکجہتی کے لئے پراگریسو یوتھ الائینس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سوشلسٹ انقلاب تک لڑ نے کا عہد کیا۔