پراگریسو یوتھ الائنس کے وفد کا پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ

رپورٹ: راشد خالد:-

پراگریسو یوتھ الائنس کے وفد نے اپنے ملک گیر دورے کے دوران مالاکنڈ کے بعد پشاور اور ڈیرہ اسمائیل خان کا دور ہ کیا اور ترقی پسند طلباء تنظیموں کے وفودسے ملاقاتیں کیں۔

پشاور
پراگر یسیو یوتھ الائنس(Progressive Youth Alliance) کے وفد نے 11اپریل کو پشاور یو نیور سٹی کا دورہ کیا اور پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے انقلابی نو جوانوں سے ملاقات کی۔ وفد کامریڈ راشد خالد(راہنمابی این ٹی)، کامریڈ راشد شیخ(صدر جے کے این ایس ایف)، کامریڈ شہریار ذوق(راہنما پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن)، کامریڈ ماہ بلوص اسد(جدوجہد ملتان) اور کامریڈ عمر رشید(انقلابی کونسل زرعی یونیورسٹی فیصل آباد) پر مشتمل تھا۔اس میٹنگ میں پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن سے تعلق رکھنے والے 40سے زائد طلبا نے شرکت کی جن میں پشتون ایس ایف آزاد کے صوبائی صدر کامریڈ طارق افغان بھی شامل تھے۔اس کے علاوہ سرحد یونیورسٹی سے کامریڈ امتیاز اور کامریڈ ادریس بھی موجود تھے۔کامریڈ راشد خالد نے ’’موجودہ صورتحال اور نوجوانوں کا کردار‘‘ کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کر تے ہوئے گفتگو کا آغاز کیا۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام جو کہ عالمی طور پر متروک ہو چکا ہے اور ترقی یافتہ ممالک میں لوگوں کے معیارِ زندگی کو بری طرح گر رہا ہے ۔ ان حالات میں پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں اس نظام سے بہتری کی توقعات وابستہ نہیں کی جاسکتیں۔ پچھلی 6دہائیوں میں قومی مسئلے سمیت یہ نظام محنت کشوں، نوجوانوں اور طالبِ علموں کے مسائل حل کرنے سے قاصر ہے۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ترقی پسند نوجوان سرمایہ داری کو ایک سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے اکھاڑپھینکنے کے لئے آگے بڑھیں تاکہ جہالت، بیروزگاری، قومی استحصال اور غربت سے پاک سماج تعمیر کیا جاسکے۔پراگریسو یوتھ الائنس کا مقصد تر قی پسند نوجوان تنظیموں کو اسی مقصد کے لئے ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا اور طلباء حقوق کی مشترکہ جدوجہد کرنا ہے۔پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے نوجوانوں نے پراگریسیو یوتھ الائنس کے پروگرام کو سراہا اور سر مایہ داری کے خلاف اس جنگ کو متحد ہو کر لڑنے کا عزم ظاہر کیا۔ تمامطالب علم راہنماؤں نے طلبا یونین پر پابندی کے خاتمے، مفت تعلیم کے حصول اور طبقاتی نظام تعلیم کے خاتمے کے لیے جدوجہد کا ٹھوس لائحہ عمل بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس لائحہ عمل پر نہ صرف آئندہ کے اجلاسوں میں اہم فیصلے کیے جائیں گے بلکہ ملکگ گیر سطح پر کمپئین کا بھی آغاز کیا جائے گا۔

ڈیرہ اسماعیل خان
ڈی آئی خان میں پراگریسیو یوتھ الا ئنس کے وفد کی ملاقات YFISکے کامریڈز کے ساتھ ہوئی۔میٹنگ کو گومل میڈیکل کالج کے طالب علم راہنما حسیب احسن نے چئیر کیا۔میٹنگ کا ایجنڈا ’’سوشلسٹ انقلاب میں نوجوانوں کا کردار‘‘ تھا جس پرکامریڈ راشد خالد نے تفصیل سے بات رکھی۔اس کے بعد شرکا نے مختلف سوالات کئے جن کے جوابات کامریڈ ماہ بلوص، کامریڈ راشد شیح، کامریڈ شہریار ذوق ،کامریڈ عمر رشید اور گومل میڈیکل کالج سے کامریڈ نجیب اللہ نے اپنی کانٹری بیوشنز میں دئیے۔
اس کے بعد وفد نے گومل یونیورسٹی اور گومل میڈیکل کالج کا دورہ کیا اور جہاں پشتون ایس ایف سمیت مختلف ترقی پسند تنظیموں کے رہنماؤں، طلبا و طالبات سے تبادلہ خیال کیا۔گومل یونیورسٹی کے ترقی پسند طلبا نے پراگریسیو یوتھ الائنس کے پروگرام کے مکمل اتفاق کرتے ہوئے سوشلسٹ انقلاب کے لئے جدوجہد کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام تعلیمی اداروں میں طلبا کو اس پلیٹ فارم پرمتحد کرنے کا عزم کیا۔ تمام طالب علم راہنماؤں نے تعلیمی اداروں میں رجعتی طلبا تنظیموں کی ریاستی پشت پناہی کی شدید مذمت کی اور ترقی پسند طلبا کو منظم ہو کر رجعتی طاقتوں کی گماشتگی کے خاتمے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ گومل یونیورسٹی کے طلبا نے پراگریسو یوتھ الائنس کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور عزم کیا کہ اس پلیٹ فارم سے وسیع پیمانے پر طلبا حقوق کی جدوجہد کو منظم کیا جا سکتا ہے۔