[رپورٹ: PTUDC]
9 مارچ کوپاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) نے ’’نجکاری کے خلاف جنگ‘‘ ریلی کا انعقاد کیا جس کا آغاز ایجرٹن روڈ سے ہوا۔ ریلی کے شرکا نجکاری کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے مال روڈ پر گئے اور پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا۔ ریلی کی قیادت PTUDC کے مرکزی رہنما کر رہے تھے جن میں مرکزی چیئرمین ریاض لنڈ بلوچ، مرکزی سنیئر وائس چیئرمین قمرالزماں خاں، مرکزی وائس چیئرمین چنگیز ملک، مرکزی سیکرٹری جنرل نذر مینگل، حیدر چغتائی، انور پنہور، علی اکبر، رؤف لنڈ ایڈووکیٹ، الیاس خان ایڈووکیٹ، غفران احد ایڈووکیٹ اور دیگر شامل تھے۔
اس ریلی میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے مختلف ٹریڈ یونینز نے بھی شرکت کی۔ جن میں ریلوے لیبر یونین، ریلوے ورکرز یونین، پی آئی اے پیپلز یونٹی (سی بی اے)، پاکستان پوسٹ کی نوپ، سٹیل ملز کی پیپلز یونین، واپڈا ہائیڈرو یونین، OGDCL کے ورکرز کی یونین، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، KESC کی لیبر یونین، پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن، نرسز ایسوسی ایشن، پروفیسرز اینڈ لیکچرر ایسوسی ایشن، جرنلسٹ یونینز، سٹیٹ بینک، حبیب بینک، نیشنل بینک اور الائیڈ بینک کے ورکرز کی یونین، PTCL ورکرز فیڈریشن اور دیگر کی نمائندگی شامل تھی۔
ان تمام تر یونین نمائندگان نے نجکاری کی تمام تر شکلوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نا صرف نون لیگ کی حکومت نجکاری کا اعلان واپس کرے بلکہ نجکاری کمیشن اور وزارت کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے۔ اور پہلے سے نجی شعبے کو دئے جانے والے اداروں کو فوری طور پر قومی ملکیت میں لیا جائے۔ سب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک حکومت ہمارے مطالبات پورے نہیں کرتی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔