پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے مرکزی چیئرمین ریاض حسین بلوچ پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے خلاف ملک گیر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ کوٹ ادو، سکھر اور میرپور خاص میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں PTUDC اور ساتھی ٹریڈ یونین تنظیموں نے مجرمان کی جلد از جلد گرفتاری اور سزا کا مطالبہ کیا ہے۔
کوٹ ادو
پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے مرکزی چیئر مین کامریڈ ریاض بلوچ پرکراچی میں ہونے والے قاتلانہ حملے کیخلاف PTUDC کوٹ ادو اور دیگر مزدورتنظیموں کے کارکنان نے ریلوے اسٹیشن کوٹ ادوکے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں کیپکو، پارکو، ایپکا، ٹی ایم اے، پنجاب ٹیچرز یونین اور پیپلزپارٹی کے سیاسی کارکنان نے شرکت کی اور نجکاری مخالف تحریک کے روح رواں پر حملہ کرنیوالوں کو بے نقاب کر کے فی الفور گرفتارکرنے اور سزا دینے کا مطالبہ کیا۔بعد ازاں ٹی ایم اے کے جناح ہال میں اسی حوالے سے ایک میٹنگ بھی ہوئی۔
میرپور خاص
رپورٹ: امیت کمار
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے مرکزی چیئرمین کامریڈ ریاض لْنڈ پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے خلاف PTUDC میرپور خاص کی جانب سے پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں میرپورخاص کے مختلف علاقوں سے نوجوانوں، محنت کشوں، کسانوں اور ٹریڈ یونین رہنماؤں نے شرکت کی۔ PTUDC کے کامریڈ پرشوتم، خالد حسین، رمیش کمار، منگل رام، دیال چند، واپڈا ہائیڈرو یونین رہنما اکبر لغاری، کریم بھائی، پراگریسو ورکرز فیڈریشن کے حمید چنا، میرپورخاص شوگر مل کے ارشد، کسان رہنما کامریڈ موہن، سندھ گریجویٹ ایسوسی ایشن کے تاج بلوچ،بیروزگارنوجوان تحریک (BNT) کے امیت کمار، منیش و دیگر ساتھیوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا کہ کامریڈ ریاض پر حملہ کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ مقررین نے کہا کہ یہ صرف ریاض حسین پر نہیں بلکہ پاکستان میں ہونی والی تمام ٹریڈ یونین سیاست پر حملہ ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ٹریڈ یونین تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر محنت کشوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کرنی ہوگی، مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا اگر کامریڈ ریاض پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
سکھر
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے مرکزی چیئرمین ریاض حسین بلوچ پر قاتلانہ حملے کے خلاف PTUDC خیرپور میرس کی جانب سے 14 ستمبر 2014ء کو ایک احتجاجی ریلی پنج گلہ چوک سے چتری چوک نکالی گئی۔ شرکا احتجاجی بینر کے ساتھ نعرے بازی کر رہے تھے۔ ریلی کی قیادت کامریڈ شہباز پھلپوٹو، کامریڈ فاتح میرانی، امجد لاکھیر کر رہے تھے۔ مقررین نے کہا کہ کامریڈ ریاض پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو جلد از جلد منظر عام پر لا کر سزا دی جائے ورنہ احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔