| رپورٹ:حارث قدیر |
عالمی یوم مزدور کے موقع پر جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے زیر اہتمام راولاکوٹ میں مہنگائی، بیروزگاری، غربت، لوڈشیڈنگ، دہشت گردی اور سرمایہ دارانہ استحصالی نظام کیخلاف احتجاجی ریلی کا انعقادکیا گیا۔
ریلی کالج گراؤنڈ سے شروع ہو کراحاطہ عدالت میں جلسہ کے انعقاد کے بعد اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء ریلی نے شہدائے شکاگو کو خراج تحسین پیش کرنے کے علاوہ دیگر بنیادی مسائل کیخلاف نعرے بازی کی۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ شہدائے شکاگو کی لہو رنگ جدوجہد کو آج کے عہد کے تقاضوں کے مطابق سمجھنے اور اسکے مطابق مزدور تحریک کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، حکمران طبقات آج محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پراپنی پالتو ٹریڈ یونین قیادت کے ذریعے محنت کشوں کو گمراہ کرنے اور اس استحصال نظام کو جاری و ساری رکھنے کے لئے بڑی بڑی تقاریب منعقد کر کے مزدور تحریک کیخلاف گہری سازش کر رہے ہیں جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ محنت کشوں کی یونین سازی کیخلاف اقدامات کئے جا رہے ہیں اوریوم مزدورکو سرکاری سطح پربنانے کا ڈھونگ بھی رچایاجا رہاہے، محنت کش طبقے کو درپیش دکھوں اورمسائل کا مداوا صرف اور صرف محنت کشوں کے بین الاقوامی اتحادکے ذریعے اس نظام کواکھاڑ پھینکتے ہوئے حقیقی مزدورراج کے قیام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
اس نظام میں محنت کشوں کے دکھوں کامداواکسی طورپر نہیں ہو سکتا کیونکہ اس نظام کی بنیاد ہی منافع اور شرح منافع کے حصول پررکھی گئی ہے اورمنافع محنت کشوں کی محنت کولوٹے بغیرحاصل ہی نہیں کیاجا سکتا۔ جلسہ سے پی ٹی یو ڈی سی کشمیر کے آرگنائزر یاسر ارشاد، این ایس ایف کے مرکزی صدربشارت علی، ٹیچرز آرگنائزیشن کے خالد بابر اور طالب علم رہنماؤں خلیل بابر، کاشف رشید اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہارکیا کہ سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمے اورسوشلسٹ انقلاب کے ذریعے محنت کش طبقے کے حقیقی راج تک جدوجہد جاری و ساری رکھی جائے گی۔