ملتان: پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی پریس کانفرنس

[رپورٹ: ندیم پاشا]
6 مئی کو پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے راہنماؤں نے ملتان پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس کا مقصد ریلائنس ویونگ ملز خانیوال کے محنت کشوں پر انتظامیہ کے مظالم کو اجاگر کرنا تھا۔ اس مل میں 2 ہزار کے قریب محنت کش کام کرتے ہیں جن میں 400 کے قریب خواتین محنت کش بھی شامل ہیں۔ ان خواتین محنت کشوں کو حکومت کی اعلان کردہ دس ہزار روپے ماہانہ تنخواہ نہیں ادا کی جاتی۔ 800 سے زائد محنت کشوں کے سوشل سکیورٹی کارڈ نہیں بنائے گئے۔ اسی طرح اوور ٹائم کا دگنا معاوضہ بھی ادا نہیں کیا جاتا۔ مزدوروں کو تشدد کا نشانہ بنانا یہاں کا معمول بن چکا ہے۔ مل میں کسی بڑے حادثے سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات بھی نہیں کیے گئے۔
ان مظالم کیخلاف جب لیبر یونین کے عہدیداران نے آواز بلند کی تو مل مالکان اور مل انتظامیہ جس میں جنرل مینجر اکرام عظیم اللہ، ایڈمن مینجرریٹائرڈ کرنل ظفر نے لیبر یونین کے خلاف انتقامی کاروائی شروع کر دی۔ مل میں جعلی ریفرنڈم کرایا گیا جس میں لیبر یونین کو حصہ نہیں لینے دیا گیا۔ عہدیدارا ن پر ناجائز مقدمات بنوائے گئے، چارج شیٹ کیا گیااور اب ان عہدیداران کا گیٹ پاس بند کر دیا گیا ہے جبکہ ان کی تنخواہیں بھی روک لی گئی ہیں۔ جب محنت کشوں نے احتجاج کیا تو ایڈمن منیجر نے اپنے غنڈوں کے ذریعے اسے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔
محنت کشوں نے پریس کانفرنس میں اپنے مطالبات بھی سنائے جن میں تمام برطرف ملازمین کی فوری بحالی، تنخواہوں کی فوری بحالی، تمام محنت کشوں کے سوشل سکیورٹی کارڈ کی فراہمی، خواتین محنت کشوں کو قانونی کم از کم اجرت کا اجرا، سیفٹی کے مناسب انتظامات، اوور ٹائم کی دگنی ادائیگی شامل ہیں۔ محنت کشوں نے کہا کہ جعلی ریفرنڈم کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے، نیا ریفرنڈم کرایا جائے اور مل میں ٹریڈ یونین سرگرمیوں پر عائد پابندی کا خاتمہ کیا جائے۔ ورنہ احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔ PTUDC نے اس موقع پر لیبر یونین کے عہدیداروں کو مکمل حمایت کا یقین دلایا اور ان کی جدوجہد کی ہر سطح پر حمایت کا اعلان کیا۔