| رپورٹ: PTUDC ملتان |
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے زیر اہتمام چونگی نمبر 9 پر پنجاب حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور میں فیکٹری کے منہدم ہونے کی تمام ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوتی ہے، اس سلسلے میں شہباز شریف کے خلاف محنت کشوں کے قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔ شرکا سرمایہ داری اور ریاستی نا اہلی کے خلاف شدید نعرہ بازی کر رہے تھے۔
اس موقع پر پاورلومز ووکریونین کے صدر یوسف انصاری، اسلم انصاری، ظفرراں، شاہ زیب، توصیف، PYA کے ریجنل آرگنائزر نادر گوپانگ، معیزالحسن، معیدالحسن، رحیم بخش اور سقراط نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریاست نے سرمایہ داروں کو محنت کشوں کا خون چوسنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، لیبر قوانین صرف کاغذات میں ہی موجود ہیں اور محنت کش بدترین حالات میں شرمناک اجرتوں پر کام کرنے پر مجبور ہیں، انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ محنت کش اس جبر و استحصال کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف اعلان جنگ کریں۔