بنوں میں پی ٹی یو ڈی سی کا ہنگامی اجلاس

کراچی اور لاہور کی فیکٹریوں میں آتشزدگی سے مزدوروں کے قتل پر احتجاج!

[رپورٹ :کامریڈ عصمت اللہ خان]
بنوں میں پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپین کے زیراہتمام ایک ہنگامی اجلاس کاانعقادکیا گیا جس میں کراچی اورلاہور کی فیکٹریوں میں محنت کشوں کی ہلاکت پرانتہائی غم وغصے کا اظہارکیا گیا ۔مزدور دشمن قوانین‘ فیکٹری ایکٹ میں بیشترترامیم وفیکٹری مالکان کوکھلی چھوٹ دیناخاص طورپرلیبر انسپیکشن کے خاتمے کا ذمہ دارجنرل مشرف ہے اورموجودہ حکومت نے بھی اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ حکومت وقت سے یہ پر زور مطالبہ کیا گیا کہ تمام فیکٹریوں کو حکومت اپنی تحویل میں لیکر مزدوروں کی حوالے کرے کیونکہ یہی پیپلزپارٹی کے منشورمیں شامل ہے اوریہی ریاست کے مفادمیں بھی ہے۔
اجلاس میں PTUDCکے ڈویژنل صدر بخت نیاز خان سکندری ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ تمام مسائل کا حل ایک سوشلسٹ ریاست کے قیام میں مضمر ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اس انسان سوزواقعہ کی تحقیقات کرتے ہوئے تمام مجرموں کو قرارواقعی سزادی جائے اورتمام لواحقین اورمجروح خاندانوں کو فی الفورمعاوضہ ادا کیا جائے۔ اجلاس میں PSFکے ڈویژنل جنرل سیکرٹری سید عدنان ہاشمی،PLBکے جنرل سیکرٹری جان محمد خان منڈان،واپڈا ہائیڈرویونین کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری سید عباس شاہ،PTUDCکے ضلعی صدرولی محمد خان اورPYOکے پریس سیکرٹری محمد سلمان خان نے بھی خطاب کیا اورحکومت سے مطالبہ کیا کہ وفاقی سطح پر اور صوبائی سطح پر دہشت گردپارٹی ایم کیو ایم سے فوری طور پر اور مستقل طورپر اتحاد ختم کیا جائے اور پیپلز پارٹی اپنے منشورکو عملی جامہ پہناکر سوشلزم کا وعدہ پورا کریں ۔