رحیم یار خان میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپین کے زیرِ اہتمام شاندار لیکچر پروگرام

[رپورٹ: رئیس کجل]
مورخہ 18فروری کو رحیم یار خان میں پریس کلب میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپین کے زیرِ اہتمام ’’سرمایہ داری کا عالمی بحران اور محنت کشوں کی جدوجہد‘‘ کے موضوع پر ایک لیکچر پروگرام کا انعقاد کیا گیاجس میں جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے سینکڑوں انقلابی نوجوانوں اور محنت کشوں نے شرکت کی۔ رحیم یار خان میں موجود تقریباََ تمام صنعتوں،کارخانوں اور اداروں سے تعلق رکھنے والے مزدور، ٹریڈ یونین کے کارکنان،طالب علم رہنما،خواتین،سیاسی کارکنان ہال میں موجود تھے۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپین کے انٹرنیشنل سیکرٹری کامریڈ لال خان نے پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔ پوراہال ’’انقلاب انقلاب ، سوشلسٹ انقلاب‘‘ اور ’’کالی رات جاوے جاوے ، سرخ سویرا آوے ای آوے‘‘ کے نعروں سے گونج رہا تھا جب کامریڈ لال خاں پریس کلب رحیم یارخاں کے آڈیٹوریم میں داخل ہوئے۔ آڈیٹوریم میں مختلف مزدورتنظیموں کی طرف سے بینرز آویزاں کئے گئے تھے جب کہ ہال کے باہر سب سے ’’طبقاتی جدوجہد‘‘ کا سٹال لگا ہوا تھا۔ اس انتہائی جوش و جذبے کے ماحول میں لیکچر پروگرام کا آغاز ہوا۔ چئیر کے فرایض کامریڈ حیدر چغتائی نے اد کئے جبکہ بحث کا آغاز کامریڈ قمرالزماں خاں نے کیا۔ اس موقع پر سوالات کے جواب اور بحث کا سم اپ کامریڈ ڈاکٹر لال خاں نے کیا ، جنہوں نے یورپی یونین،لاطینی امریکہ،مڈل ایسٹ،امریکہ،افریقہ،ایران،برکس ممالک اور پاکستان کی صورتحال پر تفصیل سے روشنی ڈالی،انہوں نے عرب بہار کی تحریک کے عروج و زوال کا گہرائی سے تجزیہ پیش کیا۔ کامریڈ لال خاں کے سم اپ سے قبل بلدیہ ٹاؤن کے سانحے کے شہید مزدوروں کی یاد میں گلوکار جواد احمد کا گایا ہوا غمناک گیت’’ایسا نہ ہو کہ تم بھول جاؤ‘‘ کا پلے بیک سنایا گیا۔ اس موقع پر ایک طرف تمام آنکھیں نمناک تھیں تو ہر دھڑکنے والا دل انقلاب کی تڑپ کی حدت سے سرشار ہورہا تھا۔ قبل ازیں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کے ریجنل آفس میں کامریڈ لال خاں سے یونی لیور پاکستان،کوکا کولا اور دیگر اداروں کے مزدوروں نے خصوصی ملاقات کی اور انکی جدوجہد میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے ہراول کردار پر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر محنت کشوں نے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپین کے ساتھ قدم سے قدم ملاتے ہوئے سوشلسٹ انقلاب تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عظم کا اعادہ کیا۔