حیدرآباد میں PTUDC کے زیر اہتمام لیکچر پروگرام

[رپورٹ: PTUDC حیدرآباد]
مورخہ 12 مئی 2014ء کو پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) حیدرآباد کی جانب سے PTUDC کے دفتر میں ’’ٹریڈ یونین کا کردار‘‘ کے عنوان سے پاکستان ورکرز فیڈریشن کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری محبوب قریشی کا ایک لیکچر منعقد کیا گیا جس میں ریلوے ورکرز یونین کے زونل صدر غلام عباس لغاری کی قیادت میں ریلوے کے محنت کشوں، سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ، ایچ ڈی اے واسا و دیگر اداروں سے محنت کشوں نے شرکت کی۔ لیکچر دیتے ہوئے کامریڈ محبوب قریشی نے کہا کہ آج ملکی و بین الاقوامی طور پر صورتحال اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ مزدور جس چیز کے خالق ہیں اسی سے محروم ہوتے چلے جارہے ہیں۔ اسی قسم کی صورتحال کے خلاف تاریخ میں ہمیں کتنی ہی بغاوتیں ملتی ہیں جن میں محنت کشوں نے اپنے اوپر ہونے والے ظلم کے خلاف جدوجہد کی۔ پیرس کمیون سے لیکر شکاگو کے شہیدوں کی جدوجہد تک ہر جگہ محنت کشوں نے استحصال کے خلاف لڑائی کی۔ تاریخ میں مزدوروں کو ہمیشہ سرمایہ داروں کی طرف سے کبھی رنگ، کبھی نسل اور مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کی کوششیں کی گئیں لیکن ایک بات ہم محنت کشوں کو ہمیشہ یاد رکھنی چاہئے کہ فیکٹری میں چلنے والی مشین محنت کشوں سے ان کا رنگ اور مذہب نہیں پوچھتی، وہ صرف ان کا خون چوستی ہے۔ اسی طرح سرمایہ دار طبقے کا کوئی مذہب، دین یا دھرم نہیں ہوتا بلکہ وہ سب اکھٹے ہوکر محنت کشوں کا استحصال کرتے ہیں۔ سرمایہ دار ہمیں مختلف جھانسے دیکر، ڈرانے اور دھمکانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن آج ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم اپنی طاقت کو پہچانیں اور ایک جگہ اکھٹے ہوکر اس ظالم نظام کے خلاف جدوجہد کریں۔ پاکستان میں غربت، مہنگائی، لوڈشیڈنگ، دہشت گردی، بیروزگاری اور قومی مسئلے کا حل صرف سوشلسٹ انقلاب سے ہی ممکن ہے جس کے لئے تمام محنت کشوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی ضرورت ہے تاکہ مزدوروں کی تربیت اور جدوجہد کے ذریعے ایک انقلابی تحریک برپا کرکے سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کیا جاسکے۔