[رپورٹ : شیرا مسیحی]
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC)، ریلوے ورکرز یونین، ریلوے محنت کش یونین، ٹریفک یارڈ ایسوسی ایشن اور سنپارس یونین کراچی ڈویژن کی جانب سے مورخہ 26 دسمبر 2014ء کو ریلوے کالونی کوٹری میں سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پریشر کی کمی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت کرتے ہوئے ریلوے محنت کش یونین کے ڈویژنل جنرل سیکریٹری نیاز حسین خاصخیلی، ریلوے ورکرز یونین کے ڈویژنل آرگنائزر غلام عباس لغاری، ٹریفک یارڈ ایسوسی ایشن کے ڈویژنل آرگنائزر غلام حسین خاصخیلی، سمارس یونین کے جنرل سیکریٹری پیر ڈنو ڈاہری اور PTUDC حیدرآباد کے آرگنائزر ایڈوکیٹ نثار احمد چانڈیونے شرکاء سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سردی کے شروع ہوتے ہی سوئی گیس کا پریشر کم کر دیا جاتا ہے اور آج صورتحال یہ ہے کہ پوری کالونی میں گیس نہیں ہے جس کی وجہ سے ملازمین وقت کی پابندی کے ساتھ ڈیوٹی پر نہیں پہنچ سکتے اور نہ ہی بچے اسکول جا سکتے ہیں، پچھلے دنوں پھاٹک سے گزرنے والی دو انچ لائن کو چار انچ کیا گیا لیکن ریلوے اور سوئی گیس انتظامیہ کے درمیان تنازعہ کی وجہ سے اس کے فوائد کالونی کو حاصل نہیں سوسکے۔ مظاہرین سوئی گیس دفتر کے باہر زور دار نعرے بازی کررہے تھے۔ اس دوران سوئی گیس انتظامیہ باہر آگئی اور مذاکرات میں یقین دہانی کروائی گئی کہ جلد مسئلہ حل کیا جائے گا جس کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا۔ محنت کشوں کی قیادت نے اعلان کیا کہ اگر مسئلہ فوری حل نہیں کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔