رپورٹ: کامریڈ تنویر انور:-
ایمپلائز یونین پی ٹی ڈی سی( پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن) کے نئے ملازمین 7ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ایمپلائز یونین کے صدر ماجد یعقوب نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہPTDCکے ہزاروں ملازمین تنخواہوں کی عدم دستیابی کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں۔ہزاروں ملازمین اس قدر پریشان ہیں کہ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔جہاں ایک طرف ہزاروں ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں وہیں دوسری طرفMDپاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن میر شاہ جہاں کھترا ن ایک نااہل افسر ہے اس کو فوری طور پر برطرف کیا جائے ۔ اس کی اپنی عیاشیوں کے لئے تو تمام وسائل موجود ہیں مگر ملازمین کی تنخواہوں کے لئے پیسے نہیں ۔ اس نے پی ٹی ڈی سی کو دیوالیہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ ایسے سفارشی ایم ڈی کو برطرف کرکے گرفتار کیا جائے۔ اگر حکومت نے ہمیں سابقہ گزشتہ سات ماہ کی تنخواہیں ادا کرنے کے احکامات جاری نہ کئے تو فاقوں کا شکار پی ٹی ڈی سی کے ملازمین بیوی بچوں سمیت خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ دیگر عہدیداران سینئر نائب صدر سید عالم زیب، نائب صدر مرزا رمضان، جنرل سیکرٹری وقار احمد ، جوائنٹ سیکرٹری عامر رحیم، فنانس سیکرٹری عبدالمتین عباسی، پروپیگنڈہ سیکرٹری ندیم بخاری، آفس سیکرٹری منصور صدیقی، ایگزیکٹو ممبر قمر زمان نے مظاہرین سے خطاب کیا ۔
ایم ڈی پی ٹی ڈی سی اتنا کرپٹ ہے کہ اُس نے انٹرویو ٹیسٹ کے بغیر 47بندوں کو بھرتی کیا ہے اور لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے اس حوالے سے ایم ڈی میر شاہ جہان کھتران کو توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کیا ہے۔ ایم ڈی کو بیرون ملک دوروں کے لئے سپیشل گرانٹ بھی دی گئی۔ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے گزشتہ سات ماہ سے ملازمین کی تنخواہ کے لئے کوئی سپیشل گرانٹ نہیں دی گئی۔ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی ملازمین کو معطل یا ٹرانسفر کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کرتا۔ 4بجے دفتر آتا ہے اور اس کے زیر استعمال محکمہ ہذا کی پانچ گاڑیاں جن میں ایک پراڈو، ویگو، دو ایکس ایل آئیز اور ایک کلٹس جس پر لاکھوں روپے ماہانہ خرچ ہوتے ہیں جبکہ قانون کے مطابق ایم ڈی کو صرف 1300سی سی گاڑی استعمال کرنے کی اجازت ہے ۔ پی ٹی ڈی سی ایمپلائز یونین نے اعلان کیا ہے کہ جب تک ہمیں گزشتہ 7ماہ کی تنخواہیں نہیں ملتیں اورایم ڈی کو ہٹایا نہیں جاتا ہم ہڑتال اور احتجاج جاری رکھیں گے۔
اس موقع پرPTUDCکے کامریڈ تنویر اور کامریڈ چنگیز نے محنت کشوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا اور ان کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔