رپورٹ: کامریڈ نادر گوپانگ (صدر PSF انجینئرنگ کالج بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان)
آج صبح جعفر کینٹین بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن (PSF) کے عہدیداران و کارکنان چیئرمین ذوالفقارعلی بھٹو شہید کی برسی کے پروگرام کے حوالے تنظیمی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں یونیورسٹی فیسوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف احتجاج کی تجویز بھی زیر غور تھی۔ اسی دوران اسلامی جمعیت طلبہ کے مسلح غنڈوں نے ان پر آتشیں اسلحہ اور آہنی راڈوں سے حملہ کر دیا جس میں تین طلبہ شدید زخمی ہو گئے۔ جمیعت کی اس کھلی فسطائیت اور غنڈہ گردی کے رد عمل میں طلبہ اور PSF کے کارکنان سراپا احتجاج ہو گئے اور احتجاجی ریلی کی شکل میں یونیورسٹی میں احتجاج شروع کر دیا۔ احتجاجی ریلی مختلف ڈیپارٹمنٹس سے ہوتی ہوئی یونیورسٹی بینک چوک پر پہنچی جہاں پر یہ احتجاجی جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر PSF زکریا یونیورسٹی عامر ڈوکہ، جنرل سیکرٹری خرم کھر، صدر PSF انجینئرنگ کالج کامریڈ نادر گوپانگ اور جنرل سیکرٹری پیپلز لائر زفورم ضلع ملتان ندیم پاشا ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج زکریا یونیورسٹی میں یونیورسٹی انتظامیہ کے ایما پر جمعیت کے مسلح غنڈوں نے PSF کے پر امن اجلاس پر آتشیں اسلحہ سے مسلح ہو کر دہشت گردی اور بربریت کا کھلامظاہرہ کیا ہے۔ یہ فسطائیت ثابت کرتی ہے کہ بنیاد پرست عناصر تعلیمی اداروں کے پر امن ماحول کو دہشت گردی اور بربریت کی آگ میں جلانا چاہتے ہیں۔ PSF کے کارکنان اپنے اجلاس میں یونیورسٹی فیسوں میں کیے گئے ہوش ربا اضافے کے خلاف پر امن احتجاج کی حکمت عملی پر غور کررہے تھے۔ اس سے قبل بھیPSF کے کارکنان نے متعدد مرتبہ یونیورسٹی انتظامیہ کی توجہ فیسوں میں اضافے اورہاسٹلز میں سہولیات کے نہ ہونے کی طرف دلانے کی کوشش کی ہے لیکن انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی۔ مگر آج یونیورسٹی انتظامیہ نے ڈھٹائی کی تمام حدیں عبور کرتے ہوئے اسلامی جمعیت کے مسلح غنڈوں کے ذریعے PSF کے اجلاس پر حملہ کروادیا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جمعیت کے ان غنڈوں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے، انہیں یونیورسٹی سے فارغ کیا جائے اور یونیورسٹی انتظامیہ ان غنڈوں کی پشت پناہی سے باز رہے۔ علاوہ ازیں فیسوں میں ہوش ربااضافہ واپس لیا جائے اور ہاسٹلز میں سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے ورنہ PSF اینٹ کا جواب پتھر سے دینے پر مجبور ہوجائے گی اور تمام حالات کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہو گی۔ اس موقع پر PSF کی قیادت نے اردو یونیورسٹی کراچی میں ’’انجمن طلبہ اسلام‘‘ نامی بنیاد پرست تنظیم کی جانب سے PSF کے کارکنان پر فائرنگ کی بھی شدید مذمت کی اور ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی ریلی کی قیادت مظفر گوپانگ، مہر صفدر، عاصم خان جنرل سیکرٹری پی ایس ایف ضلع ملتان، ملک جواد، رانا کامران، ملک حسیب، شاہد چانڈیا، ذیشان جٹ، خواجہ شیخ، چوہدری حمزہ، راؤ مدثر اور راؤ فیضان نے کی۔ احتجاجی ریلی میں سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی۔ مظاہرین ’’جمعیت کی غنڈہ گردی نا منظور‘‘، ’’ملا گردی نا منظور‘‘، ’’یونیورسٹی انتظامیہ مردہ باد‘‘، ’’ فیسوں میں اضافہ نا منظور‘‘، ’’ ہم نہیں مانتے، ظلم کے ضابطے‘‘ اور ’’ انقلاب انقلاب سوشلسٹ انقلاب‘‘ کے فلک شگاف نعرے بلند کر رہے تھے۔