فیصل آباد میں انقلابی نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف پورے ملک میں مظاہرے

14اگست کو جب پاکستانی ریاست اور میڈیا یہاں کے غریب محنت کشوں اور بے روزگار نوجوانوں پر وطن پرستی کے جذبات زبردستی تھونپ رہا تھا تو بے روزگار نوجوان تحریک کے نوجوان ملک کے طول و عرض میں مظاہرے اور کیمپ منعقد کر کے عوام کو ان کے مسائل کی اصل وجوہات سے آگاہ کر رہے تھے۔فیصل آباد میں ریاستی مشینری کو یہ بات پسند نہیں آئی اور DCOفیصل آباد کی ایماء پر پولیس نے BNTکا کیمپ بند کرواتے ہوئے چار انقلابی نوجوانوں عمر رشید، رضوان، محمد عارف اور عثمان کو نہ صرف حراست میں لے لیا بلکہ ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بھی درج کرلئے گئے۔ریاست کی جانب سے بنیادی جمہوری حقوق کی اس خلاف ورزی کے خلاف ملک کے بیشتر شہروں میں طلبہ تنظیموں کی طرف سے مظاہروں کا اہتمام کیا گیا جن میں کچھ کی تفصیل یہاں پیش کی جارہی ہے۔

ملتان
رپورٹ: ذیشان بٹ
بیروزگار نوجوان تحریک فیصل آباد کے کیمپ پر ڈی سی او فیصل آباد کی آشیربادپر ریاستی دہشت گردی کے خلاف اور پر امن کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف بیروزگار نوجوان تحریک،پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپین کے زیر اہتمام چوک نواں شہر ملتان میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ مظاہرین ’’ایک کا دکھ سب کا دکھ‘‘’’جینا ہے تو لڑناہوگا‘‘’’ڈی سی او فیصل آباد کو برخاست کرو‘‘ ’’ناجائز مقدمات ختم کرو‘‘’’کالے قوانین ختم کرو‘‘ اور ’’انقلاب انقلاب سوشلسٹ انقلاب ‘‘کے نعرے لگاتے رہے۔

فیصل آباد
رپورٹ: BNT فیصل آباد
بے روزگار نوجوان تحریک کے گرفتار رہنماوءں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور تمام مقدمات فوری طور ر پر ختم کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار فیصل آباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے بے روزگار نوجوان تحریک کے آرگنائزر راشد خالد نے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم، علاج اور روزگار ہر انسان کے بنیادی حقوق ہیں۔ حکومت وقت نوجوانوں کو نہ تو تعلیم دے سکتی ہے اور نا ہی روزگار۔ بلکہ جو لوگ اپنے حقوق کے لئے آو از بلند کرتے ہیں اور احتجاج کرتے ہیں ان پر جھوٹے مقدمات بنائے جاتے ہیں اور ان کو جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ 14اگست کو "روزگار دو یا حساب دو”کے بینر تلے احتجاجی کیمپ لگانے والے BNT کے رہنماؤں کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔ بے روزگار نوجوانوں کو جیلوں میں ڈالنے کی بجائے پنجاب حکومت ان نوجوانون کو روزگار دے۔ اگر گرفتار رہنماؤں کو فوری تور پر رہا نہیں کیا جاتا تو بے روزگار نوجوان تحریک پورے ملک میں احتجاج کا آغاز کرے گی۔ احتجاجی مظاہرے سے دیگر رہنماؤں کامریڈ ارتقاء، کامریڈ طلال، نیشنل سٹوڈنٹ فیڈریشن کے مرکزی رہنماء عرفان احمد اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن (PTUDC) کے رہنماؤں کامریڈ صفدر اور کامریڈ مجاہد نے بھی خطاب کیا اور گرفتار رہنماؤں کی رہائی تک اس احتجاجی سلسلے کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

حیدر آباد
رپورٹ: راہول
بیروزگار نوجوان تحریک کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے فیصل آباد میں بیروزگارنوجوان تحریک کے مرکزی رہنما عمر رشید سمیت چار نوجوانوں کو پنجاب پولیس کی جانب سے گرفتار کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں حیدرآباد شہر سمیت مختلف علاقوں سے نوجوانوں نے شرکت کی، انقلابی نوجوانوں عمر رشید، محمد عارف، رضوان اور عثمان کو 14 اگست کو فیصل آباد میں BNT کی جانب سے بیروزگاری کے خلاف لگائے گئے کیمپ سے پولیس نے نہ صرف گرفتار کیا بلکہ ان پر جھوٹی FIR بھی درج کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئےBNT کے ونود کمار، PYA،YFIS کے راہول، جامشورو سے BNT کے حاجی شاہ، کوٹری سے افضل، طبقاتی جدوجہد سندھی رسالے کے ایڈیٹر حنیف مسرانی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روزگار کا حق مانگنے والے ان نوجوانوں پر جبر اس نام نہاد جمہوریت اور گڈ گورنس کے فراڈ کو واضع کرنے کے لئے کافی ہے۔یہ ریاست آج وحشت پر اتر آئی ہے جہاں وہ اپنا حق مانگنے والے نوجوانوں پر تشدد کر کے انہیں جدوجہد سے دور کرنا چاہتی ہے لیکن ہم نے تاریخ میں دیکھا ہے کہ نوجوان ہمیشہ تشدد کے بعد انقلابی تحریک کو آگے بڑھاتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں آج کشمیر سے کراچی تک اپنے مظاہروں کو جاری رکھتے ہوئے ان حکمرانوں اور ریاست کے خلاف اپنی لڑائی کو تیز کرنا ہوگا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کے DCO فیصل آباد کو فوری طور پر معطل کیا جائے اور حراست میں لئے گئے بیگناہ نوجوانوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ مظاہرے کے آخر میں ریلوے محنت کش یونین کے ڈویژنل صدر عزیز کھوسو نے بیروزگار نوجوان تحریک کے ساتھ ریلوے کے محنت کشوں اور ہائیڈرو یونین پاور ہاؤس کے رمیش کمار نے واپڈا کے محنت کشو ں کی طرف سے بھرپور یکجہتی کا اعلان کیا۔ مظاہرے کا اختتام پر زور نعرے بازی سے کیا گیا۔

دادو
رپورٹ: BNTدادو
15اگست بروز بدھ BNTدادو کی طرف سے فیصل آباد میں پولیس گردی اور روزگار کا مطالبہ کرنے والے کامریڈز کی گرفتاری کے خلاف دادو پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کامریڈ اعجازبگھیو، کامریڈ اکرم، کامریڈ حفیظ اور کامریڈ رستم نے مطالبہ کیا کہ BNTکے نوجوانوں کے خلاف جعلی مقدمات فوری طور پر ختم کرتے ہوئے انہیں رہا کیا جائے اور اس واقعہ کے ذمہ دار افسران کو عہدوں سے ہٹایا جایا۔

کے این شاہ
رپورٹ: YFISکے این شاہ
16اگست بروز جمعرات YFISکے این شاہ کے رہنما کامریڈ سہیل کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا جس میں فیصل آباد میں ریاستی جبر کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام انقلابی نوجوانوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔کامریڈ سہیل نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ اس واقعے سے نام نہاد جمہوریت اور سرمایہ دارانہ نظام کے اندر جمہوری حقوق کا پردہ بالکل چاک ہو گیا ہے اور پاکستانی ریاست کا اصل چہرہ سب کے سامنے آگیا ہے۔