مظفرآباد: راولاکوٹ میں محنت کشوں کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور جلسہ

| رپورٹ: نواز مغل |

مورخہ 6 جون 2016ء کو مظفرآباد میں ہیلتھ ایمپلائز آرگنائزیشن، لیڈی ہیلتھ ورکرز، پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور پروگریسو یوتھ الائنس نے راولاکوٹ میں محکمہ صحت کے محنت کشوں اور ان کے قائدین کی گرفتاری کے خلاف مشترکہ طور پر ڈسٹرکٹ کمپلیکس مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں محکمہ صحت کے محنت کشوں، لیڈی ہیلتھ ورکرز سمیت دیگر تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرین سے مرکزی صدر ہیلتھ ایمپلائز آرگنائزیشن طارق جاوید چوہدری، صدر نیشنل پروگرام لیڈی ہیلتھ ورکرز یثرب بشیر، مرکزی صدر ایپکا آزاد کشمیر صدیق حسین شاہ، خالد شیخ مرکزی رہنما تنظیم غیر جریدہ آزاد کشمیر، رہنما پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین نوید اسحاق، راشد شیخ مرکزی رہنما پروگریسو یوتھ الائنس، ہیلتھ ایمپلائز آرگنائزیشن کے سرپرست اعلیٰ غلام جیلانی میر اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے گرفتاریوں کی شدید مذمت کی اور محنت کشوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔ مزدور رہنماؤں نے اس موقع پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کی سات ماہ کی بند اجرت فی الفور ادا کرنے اور محکمہ صحت کے تمام محنت کشوں کو ہیلتھ الاؤنس دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ضلعی صدر ہیلتھ ایمپلائز آرگنائزیشن میر عارف نے سر انجام دئیے۔