رپورٹ: ’PTUDC‘ ملتان
14 اگست کو پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور انقلابی طلبہ محاذ (RSF) ملتان کے زیر اہتمام ’جب تک جنتا بھوکی ہے یہ آزادی جھوٹی ہے‘ کے نعرے کے ساتھ مہنگائی ، بیروزگاری اور نجکاری کے خلاف گول باغ چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عوام اکہتر سال گزارنے کے باوجود مہنگائی، بیروزگاری، مہنگی تعلیم اور مہنگے علاج کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں جبکہ حکمران طبقہ عالمی سامراجی پالیسیوں کے لئے اپنی خدمات ایک دوسرے سے بڑھ کر پیش کر رہاہے جس سے عوام مزید غربت، ذلت، بھوک اور ننگ کی دلدل میں دھنسیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکمران طبقے کی ان ظالمانہ پالیسیوں سے انکار کرتے ہیں۔ آنے والی حکومت نے دو سو سے زیادہ اداروں کی نجکاری کا عندیہ دیا ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔ ہماری طرف سے نجکاری کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ ہم محنت کش طبقے سے اپیل کرتے ہیں کہ مزدور دشمن مالیاتی پالیسیوں کے خلاف منظم ہوتے ہوئے جدوجہد کا حصہ بنیں۔ احتجاجی مظاہرہ میں ندیم پاشا، ذیشان شہزاد، طارق چودھری، ذیشان بٹ، نادر گوپانگ، توصیف احمد، احسن خان، اسلم انصاری، سچل سرمست،شہزاد، شیخ دانش، امین بلوچ اور دیگر طالبعلموں اور محنت کشوں نے شرکت کی۔مظاہرین نے احتجاج کے دوران سرخ جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔