مزدوروں اور طلبا تنظیموں کا ینگ ڈاکٹروں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی

رپورٹ: عمران کامیانہ:-

جمعرات 5جولائی کو شام پانچ بجے لبرٹی چوک لاہور پر ینگ ڈاکٹروں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک شاندار احتجاجی مظاہر ہ کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے کو ینگ ڈاکٹروں اور ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے منظم کیا گیا تھا۔احتجاجی مظاہرے میں مختلف مزدور تنظیموں اور طلبا تنظیموں کے نمائندے موجود تھے جنہوں نے ینگ ڈاکٹروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور انہیں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری پارس جان نے تقریر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہم پاکستان کے محنت کشوں کی جانب سے ینگ ڈاکٹروں کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور پنجاب حکومت کے تشدد اور ہٹ دھرمی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

آل پاکستان پراگریسو یوتھ الائنس کے مرکزی آرگنائزر امجد شاہسوار نے تقریر کرتے ہوئے میڈیا کے گھناؤنے کردار کو بے نقاب کیا اور ینگ ڈاکٹروں کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ پراگریسو یوتھ الائنس میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن، بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن(آزاد)، انقلابی کونسل زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، بی این ٹی، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن اور دیگر طلبا تنظیمیں شامل ہیں۔بیروزگار نوجوان تحریک پاکستان کے مرکزی آرگنائزر راشد خالد نے بھی ینگ ڈاکٹروں کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ شریک ہوں گے۔

PTCLورکرز یونین کے نائب صدر مینٹینینس ایکسچینج لاہورکے سردار خان نے بھی اپنی یونین کے مرکزی صدر صابر بٹ کا پیغام سنایا اور کہا کہ ہماری یونین ینگ ڈاکٹروں کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتی ہے۔شیر بنگال لیبر کالونی ، جہاں 160سے زائد فیکٹریوں کے مزدور رہائش پذیر ہیں ، وہاں کے مزدور راہنما جاوید کھوکھر نے بھی اپنا پیغام بھجوایا جس میں انہوں نے ینگ ڈاکٹروں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور پنجاب حکومت کے ینگ ڈاکٹروں پر جبر اور تشدد کی شدید مذمت کی۔ اتحاد اساتذہ پنجاب کے رہنما پروفیسر عارف نے بھی ینگ ڈاکٹرز کو مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
قصورسے پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک یونین کے چیئر مین نوید عاشق ڈوگر، سردار فصیح الرحمن، چوہدری محمد اعظم، غلام غوث اور دیگر رہنماؤں نے بھی اپنا پیغام بھجوایا جس میں ینگ ڈاکٹروں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر میں صرف ینگ ڈاکٹرز کو ہی اپنے مطالبات کے لیے اکٹھا نہیں ہونا چاہیے بلکہ پی ٹی یوڈی سی کی طرح مزدوروں کی دیگر نمائندہ تنظیموں کو بھی اس احتجاج میں ینگ ڈاکٹرز کا ساتھ دینا چاہیے انہوں نے کہا کہ ایک خاص میڈیا گروپ ڈاکٹرز کو ولن اور حکمرانوں کو ہیرو بنا کر پیش کر رہا ہے، ہم اس امر کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور میڈیا مینجر ز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ڈاکٹروں کی اس تحریک میں غیر جانب داری کا مظاہرہ کریں۔