راولاکوٹ: گلگت بلتستان کی عوامی تحریک کی حمایت میں مظاہرہ

[رپورٹ: حارث قدیر]
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) نے یکم مئی کو گلگت بلتستان میں جاری عوامی احتجاج کی حمایت میں آزادکشمیر اور پاکستان بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے، یہ اعلان ہفتہ کے روز راولاکوٹ میں JKNSF کے زیر اہتمام گلگت بلتستان میں جاری احتجاجی تحریک کی حمایت میں نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی اور ضلعی قائدین نے کیا۔ ریلی کا آغاز مرکزی سیکرٹریٹ سے کیا گیا جو احاطہ کچہری میں جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی۔ ریلی کے شرکاء نے ’’گلگت بلتستان کے محنت کشوقدم بڑھاؤ، ہم تمہارے ساتھ ہیں‘‘، ’’لوٹ کھسوٹ کے راج کو بدلو چہرے نہیں سماج کو بدلو‘‘، ’’جب تک جنتا بھوکی ہے، یہ آزادی جھوٹی ہے‘‘، ’’قومی جنگ نہ مذہبی جنگ، طبقاتی جنگ طبقاتی جنگ‘‘، ’’انقلاب انقلاب، سوشلسٹ انقلاب‘‘ کے نعرے لگائے۔
ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل JKNSF کامریڈ خلیل بابر، مقامی صحافی آصف اشرف، ضلعی چیئرمین کامریڈ ابرار لطیف، التمش تصدق اور دیگر مقررین نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام آج تمام تعصبات سے بالاتر ہو کر بنیادی عوامی مسائل کے حل کیلئے اس نظام کیخلاف سراپا احتجاج ہیں، حکمران طبقات آئینی حقوق کے نام پر گلگت بلتستان کے محنت کشوں اور نوجوانوں کااستحصال کر رہے ہیں، یہ نظام اب انسانوں سے جینے کا حق بھی چھین رہا ہے، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ گلگت بلتستان کے محنت کشوں اور نوجوانوں کی جدوجہد کی تقلید کرتے ہوئے انکے شانہ بشانہ اس نظام کیخلاف مشترکہ لڑائی لڑی جائے اور اس نظام کا خاتمہ کرتے ہوئے طبقات سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے جدوجہد کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے عوام کے تمام مطالبات کو فی الفور منظور کیا جائے۔ یکم مئی کو JKNSF، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC)، پی ایس ایف اور دیگر ترقی پسند طلبہ تنظیموں کے ساتھ ملکر گلگت بلتستان کے عوامی احتجاج کی حمایت میں آزادکشمیر سمیت پاکستان بھر میں احتجاجی مظاہرے کر کے عملی یکجہتی کا پیغام گلگت بلتستان کے محنت کشوں اور نوجوانوں کو دیگی اور اس نظام کیخلاف فیصلہ کن لڑائی کے لئے آگے بڑھا جائے گاجس کا آغاز گلگت بلتستان کے محنت کشوں نے کر دیا ہے۔