سانحہ کراچی پر کوئٹہ میں پی ٹی یو ڈی سی کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی

[رپورٹ: کامریڈ نذرمینگل]
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپین اور بلوچستان ورکرز فیڈریشن کے زیر اہتمام کراچی اور لاہور میں فیکٹریوں میں آتشزدگی اور سینکڑوں مزدوروں کی شہادت اور زخمی ہونے کے واقعے کے خلاف ریلی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں مرک فیکٹری ، پی۔ ایچ ۔ ای ،واسا، PTUDC اور دیگر تنظیموں سے محنت کشوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریلی کا آغاز مرک فیکٹری سے ہوا جو مختلف شاہراہو ں سے ہوتی ہوئی پریس کلب کے سامنے پہنچی۔ احتجاجی مظاہرے سے بلوچستان ورکرز فیڈریشن کے مرکزی صدر حسن بلوچ، PTUDC کے کامریڈ نذر مینگل ، مرک فیکٹری کے جنرل سیکرٹر ی منظور بلوچ، واسا یونین کے صدر عبد الحکیم اور نوپ یونین بلوچستان کے جنرل سیکر ٹری شاکر حسین نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ موجودہ سرمایہ دارانہ نظام میں سرمایہ دار طبقہ اپنے شرح منافع میں اضافہ کے لئے مزدوروں کو فیکٹریوں میں غیر انسانی حالات میں کام کر نے پر مجبور کر رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے آئے روز فیکٹریوں میں حادثات کے دوران مزدور اپنی جان گنوا دیتے ہیں۔ جبکہ یہی سرما یہ دار ہر قسم کی بجلی چوری، گیس چوری اور ٹیکس چوری میں ملوث ہو تے ہیں۔ سانحہ بلدیہ کراچی براہ راست اس نظام کی بوسیدگی اور سرمایہ دار طبقے کی شرح منافع کی ہوس کا نتیجہ ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ فی الفور فیکٹری مالک، منیجر، سول ڈیفنس کے حکام بالا، لیبر ڈپارٹمنٹ کے ذمہ داروں کو گرفتا ر کرکے سر عام پھانسی دی جائے اور فیکٹری مالک کے تمام اثاثوں کو ضبط کر کے شہید اور زخمی مزدوروں کے لواحقین میں تقسیم کیا جائے۔