کوئٹہ: سانحہ گڈانی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

| رپورٹ: PTUDC کوئٹہ |

سوموار 7 نومبر کو مرک ایمپلائز یونین اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے زیر اہتمام سانحہ گڈانی کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مرک فیکٹری کے مزدوروں، مرک ایمپلائز یونین کے رہنماؤں اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے ٹھیکہ داری نظام، نااہل انتظامیہ و حکومت اور لیبر ڈپارٹمنٹ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین سے مرک ایمپلائز یونین کے رہنما منظور بلوچ، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے مرکزی چیئر مین نذرمینگل، غلام رسول اور علی رضا منگول نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں مزدور انتہائی غیر انسانی حالات میں کام کرتے ہیں۔ مزدوروں کو کسی طرح کی سہولیات، سوشل سکیورٹی اور مراعات حاصل نہیں ہیں۔ مزدور اپنی زندگیاں ہتھیلی پر رکھ کر کام کرتے ہیں۔ لیبر ڈپارٹمنٹ اور حکومت ٹھیکہ داروں اور جہاز مالکان سے اپنا کمیشن وصول کرکے مزدوروں کو انکے رحم و کرم پر چھوڑ دیتے ہیں جو ان سے بدترین حالات کار میں کام لیتے ہیں۔ جس کی وجہ سے یہ سانحات گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں معمول بن چکے ہیں۔ سرمایہ دار ان مزدوروں کی محنت سے اربوں روپے منافع کما رہے ہیں جبکہ گڈانی میں مزدوروں کے لیے کسی طرح کی سہولیات نہیں ہیں۔ حادثے کے بعد زخمی مزدوروں کو لے جانے کے لیے ایمبولنس تک بھی نہیں تھیں اور ہسپتال بھی نہیں تھے جو حکمرانوں کی نااہلی اور ہوس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر جہاز مالک، ٹھیکہ دار اور لیبر ڈپارٹمنٹ کے ذمہ داروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے ان کے خلاف کاروائی کی جائے اور شہید مزدوروں کے ورثا اور زخمی مزدوروں کے لیے امداد کا اعلان کیا جائے۔